شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ حضرت سیدہ کونین فاطمة الزہراؑ کی یاد اور پیغام کو زندہ رکھنے کے لئے ان کی ذات اقدس سے عقیدت و احترام اور محبت کا اظہار ضروری ہے اور ان سے مکمل وابستگی دکھائی جائے، انسانیت اور طبقہ نسواں کی رہنمائی کرنے پر خراج عقیدت و تحسین پیش کیا جائے اور ان کے چھوڑے ہوئے قطعی و حتمی نقوش اور اصولوں کو آج کی عملی زندگی میں ڈھالا جائے۔
علامہ ساجد نقوی کا کہنا تھا کہ سیدہ کونین کی سیرت و کردار رہتی دنیا تک اقوال عالم خواتین اور بالاخص مسلمانوں کے لئے مینارہ نور ہے، علی ابن ابی طالبؑ جیسے شجاع و سخی شوہر کے ہوتے ہوئے اطاعت و تابعداری اور خدمت کو شعار بنایا۔ کوئی فرمائش نہ کی اور اسی طرح جوانان جنت کے سردار فرزندان کے ہوتے ہوئے فاقوں کی زندگی کو ترجیح دی۔