بسم اللہ الرحمن الرحیم
جناب انتونیو گوٹیرس،سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ
سلام و عرض ادب
میڈیا میں زیر گردش خبروں سے معلوم ہوا ہے کہ سویڈن میں ایک شخص نے ایک قرآن پاک کو نذر آتش کیا ہے جس کا مقصد دین حنیف اسلام کی توہین ہے۔
اس قسم کا مکروہ عمل حالیہ برسوں میں مختلف ممالک میں کئی بار ہو چکا ہے لیکن قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس مرتبہ یہ سب سویڈن کی پولیس کی سرکاری اجازت اور آزادی اظہار کے بہانے ہوا ہے۔
یقیناً اظہار رائے کی آزادی کا احترام کسی بھی طرح سے ایسے شرمناک طرز عمل کا جواز نہیں بنتا، جو دنیا کے دو ارب سے زائد مسلمانوں کے مقدسات پر واضح حملہ ہے اور انتہا پسندانہ خیالات اور غلط اقدامات کے فروغ کے لیے ناسازگار ماحول کی تشکیل کا باعث ہے۔
اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے، اعلٰی مذہبی اتھارٹی اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ ایسے واقعات کو دوبارہ رونما ہونے سے روکنے کے لیے موثر اقدامات کرے اور دنیا کے تمام ممالک کو ایسے قوانین پر نظر ثانی کرنے پر مجبور کرے جو اس طرح کے اقدامات کی اجازت دیتے ہیں۔
سپریم مذہبی اتھارٹی مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان پرامن بقائے باہمی کی اقدار کو قائم کرنے پر بھی زور دیتی ہے اور سب کے درمیان حقوق کے احترام اور باہمی احترام پر مبنی فکری نقطہ نظر کے فروغ کی حامی ہے۔