قرآن رب کی خاص عنایت کا نام ہے
قرآن نظم وضبط شریعت کا نام ہے
قرآن ایک زندہ حقیقت کا نام ہے
قرآن زندگی کی ضرورت کا نام ہے
قرآن اک کتاب الہی جہاں میں ہے
قرآن کے بغیر تباہی جہاں میںہے
قرآن کردگار کی رحمت کا نام ہے
قرآن ذوالجلال کی عظمت کا نام ہے
قرآن اہل بیت رسالت کا نام ہے
قرآن ہی تو مقصدبعثت کا نام ہے
نازل کیا ہے اس کو خدائے جلیل نے
پہنچایاہے رسول تلک جبرئیل نے
قرآن انبیاء کی کہانی کا نام ہے
قرآن لامکاںکی نشانی کانام ہے
قرآن دین حق کی روانی کانام ہے
قرآن مصطفی کی جوانی کا نام ہے
قرآن کے علم کی نہیںحد بے پناہ ہے
قرآن اک کتاب نہیںدرسگاہ ہے
قرآن ہے نبی کی نبوت کامعجزہ
قرآن ہے خدا کی صداقت کا معجزہ
قرآن ہے رموز کی کثرت کا معجزہ
قرآن آج بھی ہے بلاغت کا معجزہ
ایسی کوئی کتاب نہیں کائنات میں
قرآن کا جواب نہیں کائنات میں
تعظیم اس کتاب کی حق کے ولی نے کی
کعبے میںسب سے پہلے نبی کے وصی نے کی
قبل نزول اس کی تلاوت علی (ع)نے کی
تصدیق اس کلام کی میرے نبی نے کی
قرآن وا ہلبیت کا یہ اتصال ہے
قرآن ہو علی (ع)کے بنا یہ محال ہے
قرآن کو گروہ میں بٹ کر نہ دیکھئے
لفظ ومعانی اس کے الٹ کر نہ دیکھئے
اوراق اس کے صرف پلٹ کر نہ دیکھئے
قرآن کو اہلبیت سے ہٹ نہ دیکھئے
قرآن دن حق کی ضرورت کا نام ہے
قرآن اہلبیت کی سیرت کا نام ہے
ہے ذکر نوح کا کہیں آدم کا تذکرہ
عیسی کا ذکر ہے کہیں مریم کا تذکرہ
ہے جابجا رسول مکرم کا تذکرہ
اور ہے کہیں پہ خلقت عالم کا تذکرہ
ہجرت کا تذکرہ کہیں ذکر غدیر ہے
ہے ذکر فاطمہ کہیں ذکرامیر ہے
حالات کے لحاظ سے آتی ہیں آیتیں
گھرمیںکبھی جہاد میں اتری ہیں آیتیں
ان میں جو بیشتر ہیں وہ مکی ہیں آیتیں
مطلب کے اعتبار سے گہری ہیں آیتیں
چھوٹی بھی درمیانی کڑی بھی ہیں آیتیں
بعض ان میں نرم بعض کڑی بھی ہیں آیتیں
قرآن کیا ہے خالق اکبر سے پوچھئے
اس کی گرانی قلب پیمبر سے پوچھئے
یاپھر رسول (ص) ہی کے برادر سے پوچھئے
جس گھر کی بات ہے یہ اس گھر سے پوچھئے
قرآن اہلبیت نبی کے سوا نہیں
قرآن اہلبیت سے ہرگز جدا نہیں
اس کے بغیر صاحب ایمان نہیں کوئی
اس کے بغیر اعلم دوراں نہیں کوئی
اس کے بغیر دین کا سلطان نہیں کوئی
حد ہے بغیر اس کے مسلمان نہیں کوئی
اس کے بغیر جہل ہے سب شش حیات میں
اس کے بغیر کچھ بھی نہیںکائنات میں
خالق کی لمحہ بھر ہی اطاعت رکی نہیں
خنجر تلے بھی رب کی عبادت رکی نہیں
تبلیغ دین حق کی اشاعت رکی نہیں
نیزے پہ سر تھا پھر بھی تلاوت رکی نہیں
قرآن اہلبیت سے کتنا قریب ہے
قرآن واہل بیت کا رشتہ عجیب ہے
قرآں اگر قمر ہے تنویر ہے رسول (ص )
قرآں اگر ہے لوح تو تحریر ہے رسول (ص )
قرآں اگر ہے لفظ تو تعبیر ہے رسول (ص )
قرآں اگر ہے قول تو تفسیر ہے رسول (ص )
قرآن معجزہ ہے تو معجزنما رسول (ص )
قرآن راہ روہے تو ہے راہنما رسول (ص )
قرآں اگر ہے علم تو پیکر رسول (ص)ہے
قرآں ہے گر سفینہ تو لنگر رسول (ص)ہے
قرآں ہے گر طریق تو رہبر رسول (ص) ہے
قرآن فیصلہ ہے تو داور رسول (ص) ہے
قرآں اگر ہے نور تو پرتورسول (ص)ہے
قرآںہے گر چراغ تو پھر لورسول ؐ ہے
تحریر کیا ہواس کے فضائل کے باب میں
ہیںکتنے ترجمے یہ نہیںہے حساب میں
پھربھی چھپے ہیںمعانی حجاب میں
ضیغم یہی دعاہے خداکی جناب میں
جب تک کہ اس جہاںمیںمیری زندگی رہے
قرآن واہل بیت سے وابستگی رہے