بچوں کی پرورش میں محبت اور تربیت بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ اگر محبت اور تربیت میں توازن قائم نہ رہے اور محبت حد سے بڑھ جائے تو یہ پرورش کی بجائے شخصیت کی کمزوری کا باعث بنتی ہے۔ بچے کی نفسیات نہایت نازک ہوتی ہے، وہ ہر رویے کو شدت سے جذب کرتا ہے اور اسی کو اپنا معیار بنا لیتا ہے۔ والدین کے لئے ضروری ہے کہ محبت اور تربیت دونوں کو دانائی اور نظم کے ساتھ استعمال کریں، ورنہ یہی جذبہ بچے میں خودسری، ناز برداری اور عملی زندگی سے دوری پیدا کر دیتا ہے۔ تربیت کا یہی متوازن انداز وہ راستہ ہے جس میں محبت اور تربیت دونوں اپنا مثبت اثر دکھاتی ہیں اور بچے کی شخصیت کو مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔
محبت کام نکا لنے کاذریعہ نہیں چونکہ بچے کو ماں باپ کی محبت اور پیار کی ضرورت ہے، بعض ماں باپ بچے کے اس احساس سے استفادہ کرتے ہیں اور اسے کام نکالنے کا ذریعہ بناتے ہیں۔ اس سے کہتے ہیں یہ کام کرو تا کہ امی تجھ سے پیار کرے اور اگر تم نے فلاں کام کیا تو ابو تم سے پیار نہیں کریں گے۔ البتہ، شک نہیں ہے کہ اس طریقے سے بچے پر اثر انداز ہوا جا سکتا ہے اور اس کاموں کو ایک حد تک کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔
لیکن اسی راستے کو اختیار کئے رہنا بے ضرر نہیں ہے کیونکہ اس ذریعے سے آہستہ آہستہ بچے میں عادت پیدا ہو جائے گی کہ وہ ماں اور باپ اور دوسرے لوگوں کی محبت حاصل کرنے کے لئے کام کرے نہ اس لئے کہ وہ کام واقعی اس کے اور معاشرے کے مفاد میں ہے وہ کاموں کی اچھائی اور برائی کا معیار انفرادی اور اجتماعی مفاد اور بھلائی اور رضائے الہی کا حصول ہو نہ کہ لوگوں کی خواہش اور ایسا نہیں ہے کہ سب ماں باپ بچے اور معاشرے کے حقیقی مفادات کو بخوبی پہچان سکیں ایسے ماں باپ بھی ہیں کہ اپنے مفادات اور آرام کو حقیقی فائدے پر ترجیح دیتے ہیں۔
اس ذریعے سے یہ بھی ممکن ہے کہ بچہ چاپلوس، منافق اور فریب کار بن جائے کیونکہ اس کا مقصد دوسروں کی خوشنودی اور توجہ حاصل کرنا بن جائے گا اگر چہ وہ منافقت اور فریب کاری ہی کے ذریعے کیوں نہ ہو۔ لہذا ایک سمجھدار مربی محبت کو مطلب نکالنے اور بچے پر اثر انداز ہونے کا وسیلہ قرار نہیں دیتا۔
محبت اور تربیت ایسی جو مفید ہو
بعض ماں باپ اپنی اولاد سے حد سے زیادہ محبت رکھتے ہیں اس لئے اس کے لئے جو چیزیں ضرر رساں ہیں قطعاً نہیں سمجھتے اور اگر کبھی وہ اس میں عیب دیکھیں یا کوئی دوسرا اس کی طرف متوجہ کرے تو چونکہ یہ نہیں چاہتے کہ بچے کو ناراض کریں لہذا وہ اس عیب کو ان دیکھا کر دیتے ہیں اور اس کی اصلاح کی کوشش نہیں کرتے ہیں۔
آپ ایسے بے ادب بچوں کو دیکھتے ہوں گے جو دوسرے بچوں کو اذیت دیتے ہیں، لوگوں کو تنگ کرتے ہیں، لوگوں کی در و دیوار کو خراب کر دیتے ہیں، شیشے توڑ دیتے ہیں، گالیاں دیتے ہیں، لوگوں کے مال کو نقصان پہنچاتے ہیں اور اسی طرح کی دوسری حرکتیں کرتے ہیں لیکن ان کے نادان ماں باپ نہ فقط یہ کہ ان کو تنبیہ نہیں کرتے بلکہ ایک احمقانہ ہنسی سے ان کا بے جا دفاع کرتے ہیں اور اس طرح سے ایسے کاموں میں ان کی تشویق کا باعث بنتے ہیں۔
یہ بے وقوف ماں باپ اپنی بے جا محبت سے دوستی کے لباس میں اپنے بچوں کے ساتھ بہت بڑی خیانت کے مرتکب ہوتے ہیں اور یہ ظلم عظیم اللہ کے نزدیک بے مواخذہ نہیں ہو گا۔ بچوں سے محبت اور تربیت میں اس کے اہم اور بنیادی عناصر سے غافل نہیں ہوا جا سکتا۔
اظہار محبت تربیت کا وسیلہ ہے اسے تربیت میں رکاوٹ نہیں بننا چاہئے۔ بہترین ماں باپ وہ ہیں جو بچے کی محبت اور تربیت کے مسئلہ کو الگ الگ کرکے دیکھیں، اپنے بچوں سے خوب محبت کریں لیکن حقیقت میں نظروں سے ان کی خوبیوں اور خامیوں پر توجہ دیں اور نہایت سمجھداری سے ان کی اصلاح کی کوشش کریں بچے کو بھی یہ بات سمجھنی چاہئے کہ وہ برے کام کرنے سے اجتناب کرے۔
یہ صحیح ہے کہ بچے کو محبت و نوازش کی ضرورت ہوتی ہے لیکن محبت میں افراط صحیح نہیں ہے۔ محبت غذا کے مانند ہے اگر ضروری مقدار میں اپنے مقام پر صرف ہو تو مفید ہے لیکن ضروری مقدار سے زیادہ غیر مناسب مقام پر صرف ہو تو نہ صرف یہ کہ سودمند نہیں ہے بلکہ کئی ایک نقصانات کی حامل بھی ہے۔ زیادہ لاڈ پیار نہ صرف بچے کے لئے مفید نہیں ہے بلکہ ماں باپ کے دل بہلانے کا ذریعہ ہے وہ ایک چھوٹا سا انسان ہے کہ جس کی خود اس کے لئے اور اس کے مستقبل کے لئے تعمیر و تربیت کی جاتی ہے۔
اور یہ بہت بڑی ذمہ داری ماں باپ کے کندھے پر رکھی گئی ہے۔ بچہ ہمیشہ چھوٹا نہیں رہتا بلکہ بڑا بھی ہو جاتا ہے اسے معاشرے میں زندگی بسر کرنا ہے اور زندگی بسر کرنا کوئی آسان کام نہیں بلکہ اس میں اونچ نیچ، کامیابی و ناکامی، عروج و زوال راحت و مصیبت اور خوشی اور غم موجود ہوتا ہے۔ ایک سمجھدار مربی صحیح اور عاقلانہ طرز تفکر کے ساتھ زندگی کے حوادث کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے بچے کی اس طرح سے تربیت کرتا ہے کہ وہ زندگی کے نشیب و فراز سے گزرنے کے لئے تیار ہو جائے۔
زیادہ لاڈ پیار کے سماجی و اخلاقی اثرات
ماں باپ کو یہ بات معلوم ہونا چاہئے کہ جیسے بچے کی تربیت کے لئے اصولی طور پر محبت ضروری ہے اسی سے وہ بگڑ جاتے ہیں اور ان کے ناز نخرے بہت بڑھ جاتے ہیں۔ اس بری صفت کا نتیجہ خطرناک نکلتا ہے مثلاً:
۱۔ جب بچہ یہ محسوس کرے گا کہ اس کے ماں باپ اسے بے انتہا چاہتے ہیں، پرستش کی حد تک اس سے محبت کرتے ہیں اور اس کی مرضی کے مطابق اسے سے سلوک کرتے ہیں تو اسے سے اس کی خواہشات کا دائرہ بہت وسیع ہوجائے گا۔ وہ چاہے گا کہ فقط فرمان صادر کرے اور ماں باپ بلا چون و چرا اس پر عمل کریں کہ کہیں وہ ناراض نہ ہوجائے۔
ایسے بچے میں دن بدن استعداد اور قدرت طلبی بڑھتی جائے گی۔ یہاں تک کہ وہ ایک آمر حکمران کی صورت اختیار کر لیتا ہے۔ ایسا شخص جب معاشرے میں آتا ہے تو لوگوں سے بھی یہ توقع رکھتا ہے کہ اس سے اس کے ماں باپ کی طرح محبت کریں، اور اس کی خواہشات پر اسی طرح عمل پیرا ہوں جیسے اس کے ماں باپ ہوتے ہیں لیکن لوگ خود غرض شخص سے محبت کرتے ہیں اور نہ اس کی خواہشات کی طرح توجہ کرتے ہیں۔ اس بناء پر معاشرے سے اس کا دل اچاٹ ہوجاتا ہے۔ وہ شکست و ریخت کا شکار ہوجاتا ہے۔ احساس کمتری کے باعث تنہائی پسند اور گوشہ نشین ہوجاتا ہے۔
وہ مجبور ہوجاتا ہے کہ شکست و ناکامی کے ساتھ زندگی گزارے یا پھر خود کشی کرکے اپنے آپ کو اس سے نجات دے لے۔ بگڑے ہوئے اور ناز پرور لوگ ازدواجی زندگی میں بھی عموماً کامیاب نہیں ہوتے۔ ایسا شخص اپنی بیوی سے بھی یہ توقع رکھے گا کہ اس کی ماں سے بھی بڑھ کر اس سے اظہار محبت کرے، اس کے فرامین کی پوری طرح اطاعت کرے اور بلا چون و چرا ان پر عمل کرے۔ لیکن افسوس کی عملی زندگی میں صورت حال مختلف ہے بہت سی بیویاں اپنے شوہر کے استعداد اور حکم کے سامنے تسلیم محض کے لئے تیار نہیں ہیں۔ اس لئے گھریلو لڑائی جھگڑے شروع ہوجاتے ہیں۔
اسی طرح ایک بگڑی ہوئی بیٹی بھی جب اپنے سسرال میں جاتی ہے تو اس کی بھی اپنے شوہر سے یہی توقع ہوتی ہے کہ وہ اس سے اس کے ماں باپ سے زیادہ محبت کرے اور اس کی ہر خواہش کو بلا حیل و حجت قبول کرے۔ عموماً مرد بھی ایک بلند پرواز اور ایسی بگڑی ہوئی عورت کی تمام خواہشات پوری نہیں کر سکتے،
لہذا گھر میں لڑائی جھگڑا شروع ہوجاتا ہے۔ ایسے مرد اور عورتیں دیکھنے میں آجاتے ہیں جو اپنے بڑھاپے میں بھی اس بات پر تیار نہیں ہیں کہ اس بگڑے پن اور بچگانہ عادت سے دست بردار ہو کر بڑے ہو جائیں۔ ایسے لوگ گویا اس پر مصر ہیں کہ ہمیشہ بچے ہی رہیں۔
۲۔ ناز و نعم میں پلنے والے بچے عموماً ضعیف و ناتواں روح اور رنجیدہ نفسیات کے حامل ہوتے ہیں۔ یہ دوسروں کا سہارا ڈھونڈتے ہیں اور خود اعتمادی سے عاری ہوتے ہیں۔ لہذا جب مشکلات پیش آتی ہیں تو راہ فرار ڈھونڈتے ہیں۔ ان میں یہ جرات نہیں ہوتی کہ بڑے کاموں میں ہاتھ ڈالیں۔ زندگی کے مسائل حل کرنے کے لئے وہ اللہ پر اور اپنی ذات پر اعتماد کرنے کے بجائے دوسروں کی مدد کی طرف دیکھ رہے ہوتے ہیں۔
۳۔ لاڈ پیار سے بگڑے ہوئے اور ناز پروردہ افراد عموماً خود پسند اور اپنے آپ میں مگن ہوتے ہیں۔ چونکہ ان کی حد سے زیادہ تعریف کی جاتی ہے اس لئے وہ اپنے تئیں ایک بہت بڑی شخصیت سمجھنے لگتے ہیں جب کہ حقیقت یوں نہیں ہوتی۔ وہ اپنی برائیاں نہیں دیکھتے بلکہ عیب کو کمال سمجھتے ہیں اور غرور بھی ایک بہت بڑا اخلاقی عیب اور ایک خطرناک نفسیاتی بیماری ہے۔
حضرت علی (ع) نے فرمایا: خود پسندی بدترین چیز ہے۔[1] امام علی (ع) نے یہ بھی فرمایا: جو شخص بھی خود پسند ہو اور بس خود میں مگن ہو اس کے عیب اور برائیاں اس پر واضح ہو جائیں گی۔[2]
ایسا شخص لوگوں سے یہ توقع رکھتا ہے کہ اس کی جھوٹی شخصیت کی تعریف کریں۔ اس وجہ سے کاسہ لیس اور چاپلوس قسم کے لوگ اس کے گرد جمع ہو جائیں گے۔ لیکن سچ گو اور تنقید کرنے والوں کی اس کے ہاں کوئی جگہ نہ ہوگی۔ خود پسند لوگ نہ صرف یہ کہ دوسروں کی محبت اور تربیت کو جذب نہیں کر سکتے بلکہ ہمیشہ دوسروں کے نزدیک قابل نفرت قرار پاتے ہیں۔
حضرت امام علی (ع) نے فرمایا:
جو شخص بھی خود پسند ہوگا اور بس اپنی ذات میں مگن ہوگا وہ بہت زیادہ مشکلوں میں پھنس جائے گا۔[3]
۴۔ جن بچوں سے حد سے بڑھ کر محبت اور نوازش کی جاتی ہے اور ماں باپ ان کی ہر بات مانے چلے جاتے ہیں وہ رفتہ رفتہ ماں باپ بالکل مسلط ہوجاتے ہیں۔ جب بڑے ہوجاتے ہیں تو بھی اقتدار طلبی سے باز نہیں آتے اور ماں باپ سے بہت زیادہ توقعات رکھتے ہیں۔ اگر ماں باپ ان کی خواہش کے مقابلے میں آئیں تو وہ اپنا مقصد حاصل کرنے کے لئے بہت زیادہ غصہ، جھگڑا، اور ناز و نخرا کرتے ہیں اور عادتیں بگاڑنے والے ماں باپ سے ہرجانہ وصول کرتے ہیں۔ چونکہ اپنے لاڈلے پن کا احساس ہوتا ہے اس لئے آخر عمر تک ماں باپ سے جھوٹ بولتے ہیں اور ہرجانہ وصول کرتے ہیں۔
۵۔ محبت میں افراط بعض اوقات اس مقام پر جا پہنچتی ہے کہ اسے خوش رکھنے کے لئے حقیقی مصلحتوں اور تعلیم و تربیت پر اس کی رضامندی کو ترجیح دینا پڑتی ہے۔ اس کے عیبوں کو نہیں دیکھا جاتا یا نظر انداز کردیا جاتا ہے اور اس کی اصلاح کی کوشش نہیں کی جاتی۔ اس کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے کسی بھی کام سے دریغ نہیں کیا جاتا اگر چہ وہ غیر شرعی ہی کیوں نہ ہو اور اس طرح سے ماں باپ اپنے عزیز بچے کے ساتھ عظیم ترین خیانتوں کے مرتکب ہوتے ہیں۔
امام محمد باقر (ع) نے فرمایا: بدترین باپ وہ ہے کہ جو اپنے بچے سے احسان اور مہر و محبت میں افراط اور حد سے تجاوز کرے۔[4] بچے کو ہمیشہ خوف و رجاء کی کیفیت میں زندگی بسر کرنا چاہئے۔ اسے یہ اطمینان ہونا چاہئے کہ وہ واقعاً ماں باپ کا محبوب ہے اور جہاں بھی ضروری ہو اور اس کی مدد کو دوڑیں گے اور دوسری طرف اسے معلوم ہونا چاہئے کہ جہاں بھی اس نے کوئی غلط کام انجام دیا ماں باپ اس کا مواخذہ کریں گے۔
اولاد کی اقتدار طلبی اور والدین کی کمزوری
ڈاکٹر جلالی لکھتے ہیں:
بچے سے پیار ایک ضروری چیز ہے۔ لیکن بچے کا یہ چاہنا صحیح نہیں ہے۔[5]
ڈاکٹر جلالی دوبارہ لکھتے ہیں:
اگر بچہ ایسے ماحول میں زندگی گزارتا ہو کہ جہاں اسے بہت لاڈ سے رکھا جاتا ہو۔ ہمیشہ دوسرے اس کی حمایت کرتے ہوں۔ اس کے برے اور ناپسندیدہ کاموں کو معاف کردیا جاتا ہو اور مشقت طلب دنیا میں رہنے کے لئے اسے تیار نہ کیا جاتا ہو وہ معاشرے میں ہمیشہ بہت ساری مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرے گا۔ بچے کو آغاز تولد سے ہی یہ سکھایا جانا چاہئے کہ زندگی گزارنے والا وہ اکیلا نہیں ہے بلکہ وہ ایک معاشرے کا حصہ ہے اور اس کی خواہش کو دوسروں کی خواہشات سے ہم آہنگ ہونا چاہئے۔[6]
اگر بچہ بے مقصد ہی روئے یا غصہ کرے یا سر کو دیوار سے مارے اور اس طرح سے ماں باپ پر کامیابی حاصل کرنا چاہے اور اپنی غلط سلط خواہشات کو منوانا چاہے تو اس کی طرف اعتناء نہیں کرنا چاہئے۔ اسے چھوڑ دیں تا کہ وہ سمجھ لے کہ اس کے رونے دھونے سے دنیا کا کچھ نہیں بگڑ سکتا۔ کچھ صبر کریں وہ خود ہی ٹھیک ہو جائے گا۔
اگر آپ کا بچہ زمین پر گر جائے تو ضروری نہیں کہ اسے اٹھائیں اور اسے تسلی دیں یا زمین کو برا بھلا کہیں۔ رہنے دیں تا کہ وہ خود اٹھے پھر اسے نصیحت کریں کہ محتاط رہے زمین پر نہ گرے۔ اگر اس کا سر دیوار سے ٹکرا جائے تو چومنا اور پیار کرنا ضروری نہیں ہے ایسے امور کی پرواہ نہ کریں۔ ذرا ٹھیک ہو جائے تو پھر اسے نصیحت کریں۔ جب آپ کا بچہ بیمار ہو جائے تو اس کے علاج کی کوشش کریں۔
اس کے لئے دوا اور غذا مہیا کریں۔ اس کی دیکھ بھال میں دریغ نہ کریں اس کی بیماری کو ایک معمولی واقعہ قرار دیں اور اپنے روزمرہ کے کام انجام دیتے رہیں۔ آپ کی نیند، کھانا اور کام معمول کے مطابق انجام پانا چاہئے۔ ایسا نہ ہو کہ اپنے کام اور معمولات زندگی کو چھوڑ بیٹھیں اور غم و اندوہ کے ساتھ روتی آنکھوں کے ساتھ اس کے بستر کے کنارے بیٹھ جائیں اور وقت بے وقت اس کے بخار میں تپتے ہوئے چہرے کو چومتے رہیں۔
یہ کام بچے کے معالجے پر کوئی اثر نہیں ڈالتے البتہ اسے بگاڑ ضرور دیتے ہیں کیوں کہ وہ خوب احساس کرتا ہے کہ اس کی بیماری ایک غیر معمولی واقعہ ہے جس نے ماں باپ کی زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا ہے۔
ایک خاتون اپنے خط میں لکھتی ہے:
دو بیٹیوں کے بعد میرے ماں باپ کے ہاں بیٹا پیدا ہوا مجھے اپنی ماں کا شور شرابہ اور جشن و سرور بھولتا نہیں، میرے ماں باپ نے اس قدر اسے لاڈ پیار کیا کہ دو سال کی عمر میں وہ مجھے اور میری بہن کو خوب مارتا اور کاٹتا تھا اور ہمیں جرات نہ تھی کہ اپنا دفاع کریں۔ جو کچھ وہ چاہتا بلا چون و چرا مہیا کر دیا جاتا۔ بچوں کو اذیت کرتا۔ اس کے مدرسہ جانے کے لئے اس پر بہت زیادہ عنایات کی جاتیں۔
لیکن وہ کوئی کام کرنے پر آمادہ نہ ہوتا۔ استاد کی بات پر کان نہ دھرتا لہذا وہ سلسلہ تعلیم جاری نہ رکھ سکا اور ترقی نہ کر سکا۔ اب جب کہ بڑا ہوگیا ہے بالکل ان پڑھ ہے۔ تنہائی پسند، کم گو اور اپنے آپ میں کھویا رہتا ہے۔ کسی کام کے کرنے پر آمادہ نہیں ہوتا۔ بے مقصد ادھر ادھر غصہ کرتا اور جھگڑتا رہتا ہے۔ اپنی بہنوں سے اسے کوئی محبت نہیں۔ اس کا انجام کار معلوم نہیں ہے۔ ہاں ہمارا پیارا بھائی ماں باپ کی غلط تربیت اور حد سے زیادہ محبت میں افراط کی بھینٹ چڑھ گیا ہے۔
خاتمہ
محبت اور تربیت جب حکمت سے خالی ہو جائیں تو بچے کی شخصیت میں جھول، کمزوری اور بے عملی جنم لیتی ہے۔ ایسے بچے جن کے ماحول میں محبت اور تربیت کا توازن قائم نہ رہ سکے، وہ عملی زندگی میں معمولی دباؤ بھی برداشت نہیں کر پاتے اور ہر جگہ ناز و نخرے کے محتاج رہتے ہیں۔ والدین کا فرض ہے کہ محبت اور تربیت کو اصول، نظم، حدود اور تربیتی بصیرت کے ساتھ ہم آہنگ رکھیں تاکہ بچہ خود اعتمادی، ضبط اور ذمہ داری جیسی خصوصیات پیدا کر سکے۔ محبت اور تربیت جب اعتدال کے دائرے میں رہیں تو یہی دونوں عناصر بچے کی روح کو طاقت دیتے ہیں، اس کے کردار کو سنوارتے ہیں اور اسے زندگی کی حقیقتوں کے قابل بناتے ہیں۔
حوالہ جات
[1]۔ آمدی، غررالحکم، ص446۔
[2]۔ آمدی، غررالحکم، ص685۔
[3]۔ آمدی، غررالحکم، ص659۔
[4]۔ یعقوبی، تاریخ یعقوبی، ج2، ص320۔
[5]۔ جلالی، روانشناسیِ کودک، ص461۔
[6]۔ جلالی، روانشناسیِ کودک، ص353۔
کتابیات
۱۔ آمدی، عبدالواحد بن محمد، غرر الحکم و درر الکلم: مجموعة من کلمات و حکم الإمام علی علیه السلام، قم، دار الکتاب الإسلامي، ۱۴۱۰ق۔
۲۔ جلالی، مهدی، روان شناسی کودک، تہران، انتشارات دانشگاه تہران، ۱۳۶۰ش۔
۳۔ یعقوبی، احمد بن اسحاق، تاريخ اليعقوبي، بیروت، مؤسسة الأعلمي للمطبوعات، ۱۴۱۳ق۔
مضمون کا مأخذ (تلخیص اور ترمیم کے ساتھ)
امینی، ابراهیم، آئین تربیت، ترجمہ: قیصر عبّاس و ثاقب نقوی، لاہور، مصباح الہدیٰ پبلیکیشنز۔ (نسخہ برقی توسط شبکہ الامامین الحسنین)۔