دعا مومن کا ہتھیار اور عبادت کی روح ہے۔ یوں تو انسان اپنی زبان میں اپنے رب سے کچھ بھی مانگ سکتا ہے، لیکن وہ الفاظ جو اللہ تعالیٰ نے خود قرآن کریم میں سکھائے ہیں، ان کی تاثیر، قبولیت اور برکت ہی کچھ اور ہے۔ قرآن مجید میں انبیاء کرام (ع) اور نیک بندوں کی وہ دعائیں موجود ہیں جو انہوں نے مختلف حالات میں مانگیں۔ یہ دعائیں جامعیت کا شاہکار ہیں اور دنیا و آخرت کی تمام بھلائیوں کا احاطہ کرتی ہیں۔ ذیل میں ’رَبَّنَا‘ (اے ہمارے رب) اور ’رَبِّ‘ (اے میرے رب) سے شروع ہونے والی منتخب قرآنی دعائیں درج ہیں:
توبہ اور اللہ کی رحمت طلب کرنے کے لیے
1. رَبَّنَا تَقَبَّلْ مِنَّا ۖ إِنَّكَ أَنْتَ السَّمِيعُ الْعَلِيمُ، وَتُبْ عَلَيْنَا ۖ إِنَّكَ أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِيمُ "اے ہمارے رب! ہم سے قبول فرما، بیشک تو ہی سننے والا جاننے والا ہے۔ اور ہم پر اپنی رحمت کے ساتھ رجوع فرما بیشک تو ہی بہت توبہ قبول کرنے والا مہربان ہے۔” [1]
دعا کرنے والے: حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام۔
2. رَبَّنَا ظَلَمْنَا أَنْفُسَنَا وَإِنْ لَمْ تَغْفِرْ لَنَا وَتَرْحَمْنَا لَنَكُونَنَّ مِنَ الْخَاسِرِينَ "اے ہمارے رب! ہم نے اپنی جانوں پر زیادتی کی اور اگر تو نے ہماری مغفرت نہ فرمائی اور ہم پر رحم نہ فرمایا تو ضرور ہم نقصان والوں میں سے ہوجائیں گے۔” [2]
دعا کرنے والے: حضرت آدم اور حضرت حوا علیہما السلام۔
3. رَبَّنَا لَا تُؤَاخِذْنَا إِنْ نَسِينَا أَوْ أَخْطَأْنَا ۚ رَبَّنَا وَلَا تَحْمِلْ عَلَيْنَا إِصْرًا كَمَا حَمَلْتَهُ عَلَى الَّذِينَ مِنْ قَبْلِنَا ۚ رَبَّنَا وَلَا تُحَمِّلْنَا مَا لَا طَاقَةَ لَنَا بِهِ ۖ وَاعْفُ عَنَّا وَاغْفِرْ لَنَا وَارْحَمْنَا ۚ أَنْتَ مَوْلَانَا فَانْصُرْنَا عَلَى الْقَوْمِ الْكَافِرِينَ "اے ہمارے رب! اگر ہم بھولیں یا خطا کریں تو ہماری گرفت نہ فرما، اے ہمارے رب! اور ہم پر بھاری بوجھ نہ رکھ جیسا تو نے ہم سے پہلے لوگوں پر رکھا تھا، اے ہمارے رب! اور ہم پر وہ بوجھ نہ ڈال جس کی ہمیں طاقت نہیں اور ہمیں معاف فرما دے اور ہمیں بخش دے اور ہم پر مہربانی فرما، تو ہمارا مالک ہے پس کافر قوم کے مقابلے میں ہماری مدد فرما۔” [3]
دعا کرنے والے: مومنین (اللہ تعالیٰ نے شبِ معراج میں یہ دعا سکھائی)۔
4. رَبَّنَا إِنَّنَا آمَنَّا فَاغْفِرْ لَنَا ذُنُوبَنَا وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ "اے ہمارے رب! ہم ایمان لائے ہیں، تو ہمارے گناہ معاف فرما اور ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچالے۔” [4]
دعا کرنے والے: متقی لوگ (اہلِ تقویٰ)۔
5. رَبَّنَا آمَنَّا فَاغْفِرْ لَنَا وَارْحَمْنَا وَأَنْتَ خَيْرُ الرَّاحِمِينَ "اے ہمارے رب! ہم ایمان لائے تو ہمیں بخش دے اور ہم پر رحم فرما اور تو سب سے بہتر رحم کرنے والا ہے۔” [5]
دعا کرنے والے: مومنین کی ایک جماعت۔
6. رَبِّ إِنِّي ظَلَمْتُ نَفْسِي فَاغْفِرْ لِي "اے میرے رب! میں نے اپنی جان پر زیادتی کی تو مجھے بخش دے۔” [6]
دعا کرنے والے: حضرت موسیٰ علیہ السلام۔
7. رَبَّنَا وَسِعْتَ كُلَّ شَيْءٍ رَحْمَةً وَعِلْمًا فَاغْفِرْ لِلَّذِينَ تَابُوا وَاتَّبَعُوا سَبِيلَكَ وَقِهِمْ عَذَابَ الْجَحِيمِ "اے ہمارے رب! تیری رحمت اور علم ہر شے سے وسیع ہے تو انہیں بخش دے جو توبہ کریں اور تیرے راستے کی پیروی کریں اور انہیں دوزخ کے عذاب سے بچالے۔”[7]
دعا کرنے والے: عرش اٹھانے والے فرشتے۔
8. رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا وَلِإِخْوَانِنَا الَّذِينَ سَبَقُونَا بِالْإِيمَانِ وَلَا تَجْعَلْ فِي قُلُوبِنَا غِلًّا لِلَّذِينَ آمَنُوا رَبَّنَا إِنَّكَ رَءُوفٌ رَحِيمٌ "اے ہمارے رب! ہمیں اور ہمارے ان بھائیوں کو بخش دے جو ہم سے پہلے ایمان لائے اور ہمارے دل میں ایمان والوں کیلئے کوئی کینہ نہ رکھ، اے ہمارے رب! بیشک تو نہایت مہربان، بہت رحمت والا ہے۔” [8]
دعا کرنے والے: بعد میں آنے والے مومنین (مہاجرین و انصار کے حق میں)۔
دین و دنیا کی بہترین بھلائیاں
9. رَبَّنَا آتِنَا فِي الدُّنْيَا حَسَنَةً وَفِي الْآخِرَةِ حَسَنَةً وَقِنَا عَذَابَ النَّارِ "اے ہمارے رب! ہمیں دنیا میں بھلائی عطا فرما اور ہمیں آخرت میں (بھی) بھلائی عطا فرما اور ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچا۔” [9]
دعا کرنے والے: عام مومنین (نبی کریم (ص) کی اکثر مانگی جانے والی دعا)۔
10. رَبَّنَا وَآتِنَا مَا وَعَدْتَنَا عَلَىٰ رُسُلِكَ وَلَا تُخْزِنَا يَوْمَ الْقِيَامَةِ ۗ إِنَّكَ لَا تُخْلِفُ الْمِيعَادَ "اے ہمارے رب! اور ہمیں وہ سب عطا فرما جس کا تو نے اپنے رسولوں کے ذریعے ہم سے وعدہ فرمایا ہے اور ہمیں قیامت کے دن رسوا نہ کرنا۔ بیشک تو وعدہ خلافی نہیں کرتا۔”[10]
دعا کرنے والے: اولوالالباب (عقل والے)۔
11. رَبَّنَا مَا خَلَقْتَ هَٰذَا بَاطِلًا سُبْحَانَكَ فَقِنَا عَذَابَ النَّارِ "اے ہمارے رب! تو نے یہ سب بیکار نہیں بنایا۔ تو پاک ہے، تو ہمیں دوزخ کے عذاب سے بچالے۔” [11]
دعا کرنے والے: اولوالالباب (عقل والے)۔
12. رَبَّنَا أَتْمِمْ لَنَا نُورَنَا وَاغْفِرْ لَنَا ۖ إِنَّكَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ "اے ہمارے رب! ہمارے لیے ہمارا نور پورا کردے اور ہمیں بخش دے، بیشک تو ہر چیز پر خوب قادر ہے۔” [12]
دعا کرنے والے: مومنین (قیامت کے دن)۔
13. رَبِّ هَبْ لِي حُكْمًا وَأَلْحِقْنِي بِالصَّالِحِينَ، وَاجْعَلْ لِي لِسَانَ صِدْقٍ فِي الْآخِرِينَ، وَاجْعَلْنِي مِنْ وَرَثَةِ جَنَّةِ النَّعِيمِ "اے میرے رب! مجھے حکمت عطا کر اور مجھے ان سے ملا دے جو تیرے خاص قرب کے لائق بندے ہیں۔ اور بعد والوں میں میری اچھی شہرت رکھ دے۔ اور مجھے ان میں سے کر دے جو چین کے باغوں کے وارث ہیں۔” [13]
دعا کرنے والے: حضرت ابراہیم علیہ السلام۔
نیک اولاد، والدین کی مغفرت اور گھر کے سکون کے لیے
14. رَبِّ هَبْ لِي مِنْ لَدُنْكَ ذُرِّيَّةً طَيِّبَةً ۖ إِنَّكَ سَمِيعُ الدُّعَاءِ "اے میرے رب! مجھے اپنی بارگاہ سے پاکیزہ اولاد عطا فرما، بیشک تو ہی دعا سننے والا ہے۔” [14]
دعا کرنے والے: حضرت زکریا علیہ السلام۔
15. رَبِّ اجْعَلْنِي مُقِيمَ الصَّلَاةِ وَمِنْ ذُرِّيَّتِي ۚ رَبَّنَا وَتَقَبَّلْ دُعَاءِ، رَبَّنَا اغْفِرْ لِي وَلِوَالِدَيَّ وَلِلْمُؤْمِنِينَ يَوْمَ يَقُومُ الْحِسَابُ "اے میرے رب! مجھے اور میری کچھ اولاد کو نماز قائم کرنے والا رکھ، اے ہمارے رب اور میری دعا قبول فرما۔ اے ہمارے رب! مجھے اور میرے ماں باپ کو اور سب مومنین کو بخش دے جس دن حساب قائم ہوگا۔” [15]
دعا کرنے والے: حضرت ابراہیم علیہ السلام۔
16. رَبِّ إِنِّي وَهَنَ الْعَظْمُ مِنِّي وَاشْتَعَلَ الرَّأْسُ شَيْبًا وَلَمْ أَكُنْ بِدُعَائِكَ رَبِّ شَقِيًّا "اے میرے رب! بیشک میری ہڈی کمزور ہوگئی اور سر نے بڑھاپے کا شعلہ چمکا دیا ہے (بوڑھا ہوگیا ہوں) اور اے میرے رب! میں تجھے پکار کر کبھی محروم نہیں رہا۔” [16]
دعا کرنے والے: حضرت زکریا علیہ السلام۔
17. رَبِّ لَا تَذَرْنِي فَرْدًا وَأَنْتَ خَيْرُ الْوَارِثِينَ "اے میرے رب! مجھے اکیلا نہ چھوڑ اور تو سب سے بہتر وارث ہے۔” [17]
دعا کرنے والے: حضرت زکریا علیہ السلام۔
18. رَبَّنَا هَبْ لَنَا مِنْ أَزْوَاجِنَا وَذُرِّيَّاتِنَا قُرَّةَ أَعْيُنٍ وَاجْعَلْنَا لِلْمُتَّقِينَ إِمَامًا "اے ہمارے رب! ہماری بیویوں اور ہماری اولاد سے ہمیں آنکھوں کی ٹھنڈک عطا فرما اور ہمیں پرہیزگاروں کا پیشوا بنا۔” [18]
دعا کرنے والے: عباد الرحمن (رحمٰن کے بندے)۔
19. رَبَّنَا وَأَدْخِلْهُمْ جَنَّاتِ عَدْنٍ الَّتِي وَعَدْتَهُمْ وَمَنْ صَلَحَ مِنْ آبَائِهِمْ وَأَزْوَاجِهِمْ وَذُرِّيَّاتِهِمْ ۚ إِنَّكَ أَنْتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ "اے ہمارے رب! اور انہیں اور ان کے باپ دادا اور ان کی بیویوں اور ان کی اولاد میں سے جو نیک ہوں ان کو ہمیشہ رہنے کے ان باغوں میں داخل فرما جن کا تو نے ان سے وعدہ فرمایا ہے، بیشک تو ہی عزت والا، حکمت والا ہے۔” [19]
دعا کرنے والے: عرش اٹھانے والے فرشتے۔
20. رَبِّ أَوْزِعْنِي أَنْ أَشْكُرَ نِعْمَتَكَ الَّتِي أَنْعَمْتَ عَلَيَّ وَعَلَىٰ وَالِدَيَّ وَأَنْ أَعْمَلَ صَالِحًا تَرْضَاهُ وَأَصْلِحْ لِي فِي ذُرِّيَّتِي ۖ إِنِّي تُبْتُ إِلَيْكَ وَإِنِّي مِنَ الْمُسْلِمِينَ "اے میرے رب! مجھے توفیق دے کہ میں تیری نعمت کا شکر ادا کروں جو تو نے مجھ پر اور میرے ماں باپ پر فرمائی ہے اور میں وہ نیک کام کروں جس سے تو راضی ہوجائے اور میرے لیے میری اولاد میں نیکی رکھ، میں نے تیری طرف رجوع کیا اور میں مسلمانوں میں سے ہوں۔”[20]
دعا کرنے والے: نیک انسان (جب وہ 40 سال کی پختہ عمر کو پہنچتا ہے)۔
21. رَبِّ اغْفِرْ لِي وَلِوَالِدَيَّ وَلِمَنْ دَخَلَ بَيْتِيَ مُؤْمِنًا وَلِلْمُؤْمِنِينَ وَالْمُؤْمِنَاتِ وَلَا تَزِدِ الظَّالِمِينَ إِلَّا تَبَارًا "اے میرے رب! مجھے اور میرے ماں باپ کو اور میرے گھر میں حالتِ ایمان میں داخل ہونے والے کو اور سب مسلمان مردوں اور سب مسلمان عورتوں کو بخش دے اور ظالموں کی تباہی میں اضافہ فرما۔” [21]
دعا کرنے والے: حضرت نوح علیہ السلام۔
رزق میں وسعت اور برکت کے لیے
22. ٱللَّهُمَّ رَبَّنَآ أَنزِلۡ عَلَيۡنَا مَآئِدَةٗ مِّنَ ٱلسَّمَآءِ تَكُونُ لَنَا عِيدٗا لِّأَوَّلِنَا وَءَاخِرِنَا وَءَايَةٗ مِّنكَۖ وَٱرۡزُقۡنَا وَأَنتَ خَيۡرُ ٱلرَّٰزِقِينَ "اے ہمارے پروردگار! ہم پر آسمان سے کھانا نازل فرما! کہ وه ہمارے لئے یعنی ہم میں جو اول ہیں اور جو بعد کے ہیں سب کے لئے ایک خوشی کی بات ہو جائے اور تیری طرف سے ایک نشانی ہو جائے اور تو ہم کو رزق عطا فرما دے اور تو سب عطا کرنے والوں سے اچھا ہے۔” [22]
دعا کرنے والے: حضرت عیسیٰ علیہ السلام۔
23. رَبِّ أَنْزِلْنِي مُنْزَلًا مُبَارَكًا وَأَنْتَ خَيْرُ الْمُنْزِلِينَ "اے میرے رب! مجھے برکت والی جگہ اتار دے اور تو سب سے بہتر اتارنے والا ہے۔” [23]
دعا کرنے والے: حضرت نوح علیہ السلام۔
24. رَبِّ إِنِّي لِمَا أَنْزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ "اے میرے رب! میں اس خیر (رزق/بھلائی) کی طرف محتاج ہوں جو تو میرے لیے اتارے۔” [24]
دعا کرنے والے: حضرت موسیٰ علیہ السلام۔
نورِ ہدایت، علم اور دین پر ثابت قدمی کے لیے
25. رَبَّنَا لَا تُزِغْ قُلُوبَنَا بَعْدَ إِذْ هَدَيْتَنَا وَهَبْ لَنَا مِنْ لَدُنْكَ رَحْمَةً إِنَّكَ أَنْتَ الْوَهَّابُ "اے ہمارے رب تو نے ہمیں ہدایت عطا فرمائی ہے، اس کے بعد ہمارے دلوں کو ٹیڑھا نہ کر اور ہمیں اپنے پاس سے رحمت عطا فرما، بیشک تو بڑا عطا فرمانے والا ہے۔” [25]
دعا کرنے والے: راسخون فی العلم (علم میں پختہ لوگ)۔
26. رَبَّنَا آمَنَّا بِمَا أَنْزَلْتَ وَاتَّبَعْنَا الرَّسُولَ فَاكْتُبْنَا مَعَ الشَّاهِدِينَ "اے ہمارے رب! ہم اس کتاب پر ایمان لائے جو تو نے نازل فرمائی اور ہم نے رسول کی اِتّباع کی پس ہمیں گواہی دینے والوں میں سے لکھ دے۔” [26]
دعا کرنے والے: حواری (حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے ساتھی)۔
27. رَبَّنَا آمَنَّا فَاكْتُبْنَا مَعَ الشَّاهِدِينَ "اے ہمارے رب! ہم ایمان لے آئے پس تو ہم کو بھی ان لوگوں کے ساتھ لکھ لے جو تصدیق کرتے ہیں۔” [27]
دعا کرنے والے: عیسائی راہب/نیک لوگ (حق سننے پر)۔
28. رَبِّ أَدْخِلْنِي مُدْخَلَ صِدْقٍ وَأَخْرِجْنِي مُخْرَجَ صِدْقٍ وَاجْعَلْ لِي مِنْ لَدُنْكَ سُلْطَانًا نَصِيرًا "اے میرے رب! مجھے پسندیدہ طریقے سے داخل فرما اور مجھے پسندیدہ طریقے سے نکال دے اور میرے لئے اپنی طرف سے مددگار قوت بنادے۔” [28]
دعا کرنے والے: نبی کریم (ص) (اللہ تعالیٰ نے سکھائی)۔
29. رَبَّنَا آتِنَا مِنْ لَدُنْكَ رَحْمَةً وَهَيِّئْ لَنَا مِنْ أَمْرِنَا رَشَدًا "اے ہمارے رب! ہمیں اپنے پاس سے رحمت عطا فرما اور ہمارے لئے ہمارے معاملے میں ہدایت کے اسباب مہیا فرما۔”[29]
دعا کرنے والے: اصحابِ کہف (غار والے نوجوان)۔
30. رَبِّ زِدْنِي عِلْمًا "اے میرے رب! میرے علم میں اضافہ فرما۔” [30]
دعا کرنے والے: نبی کریم (ص) (اللہ تعالیٰ نے سکھائی)۔
31. رَبِّ أَوْزِعْنِي أَنْ أَشْكُرَ نِعْمَتَكَ الَّتِي أَنْعَمْتَ عَلَيَّ وَعَلَىٰ وَالِدَيَّ وَأَنْ أَعْمَلَ صَالِحًا تَرْضَاهُ وَأَدْخِلْنِي بِرَحْمَتِكَ فِي عِبَادِكَ الصَّالِحِينَ "اے میرے رب! مجھے توفیق دے کہ میں تیرے اس احسان کا شکر ادا کروں جو تو نے مجھ پر اور میرے ماں باپ پر کیا اور (مجھے توفیق دے) کہ میں وہ نیک کام کروں جس پر تو راضی ہو اور مجھے اپنی رحمت سے اپنے ان بندوں میں شامل کر جو تیرے خاص قرب کے لائق ہیں۔” [31]
دعا کرنے والے: حضرت سلیمان علیہ السلام۔
پریشانی، بیماری اور رنج و غم دور کرنے کے لیے
32. رَبِّ إِنِّي أَعُوذُ بِكَ أَنْ أَسْأَلَكَ مَا لَيْسَ لِي بِهِ عِلْمٌ ۖ وَإِلَّا تَغْفِرْ لِي وَتَرْحَمْنِي أَكُنْ مِنَ الْخَاسِرِينَ "اے میرے رب! میں تیری پناہ چاہتا ہوں کہ تجھ سے وہ چیز مانگوں جس کا مجھے علم نہیں اور اگر تو میری مغفرت نہ فرمائے اور مجھ پر رحم نہ فرمائے تو میں نقصان اٹھانے والوں میں سے ہو جاؤں گا۔” [32]
دعا کرنے والے: حضرت نوح علیہ السلام۔
33. رَبِّ اشْرَحْ لِي صَدْرِيَ۔ وَيَسِّرْ لِي أَمْرِيَ۔ وَاحْلُلْ عُقْدَةً مِنْ لِسَانِي۔ يَفْقَهُوا قَوْلِي "اے میرے رب! میرے لیے میرا سینہ کھول دے۔ اور میرے لیے میرا کام آسان فرما دے۔ اور میری زبان کی گرہ کھول دے۔ تاکہ وہ میری بات سمجھیں۔” [33]
دعا کرنے والے: حضرت موسیٰ علیہ السلام۔
34. أَنِّي مَسَّنِيَ الضُّرُّ وَأَنْتَ أَرْحَمُ الرَّاحِمِينَ "بیشک مجھے تکلیف پہنچی ہے اور تو سب رحم کرنے والوں سے بڑھ کر رحم کرنے والا ہے۔” [34]
دعا کرنے والے: حضرت ایوب علیہ السلام۔
35. لَا إِلَٰهَ إِلَّا أَنْتَ سُبْحَانَكَ إِنِّي كُنْتُ مِنَ الظَّالِمِينَ "تیرے سوا کوئی معبود نہیں تو ہر عیب سے پاک ہے، بیشک مجھ سے کوتاہی ہوئی۔” [35]
دعا کرنے والے: حضرت یونس علیہ السلام (ذوالنون)۔
36. رَبَّنَا اكْشِفْ عَنَّا الْعَذَابَ إِنَّا مُؤْمِنُونَ "اے ہمارے رب! ہم سے عذاب دور کر دے، ہم ایمان لاتے ہیں۔” [36]
دعا کرنے والے: کفار/ مصیبت زدہ لوگ (عذاب دیکھ کر)۔
شیطان کے وسوسوں اور دوزخ کے عذاب سے پناہ
37. رَبَّنَا إِنَّكَ مَنْ تُدْخِلِ النَّارَ فَقَدْ أَخْزَيْتَهُ ۖ وَمَا لِلظَّالِمِينَ مِنْ أَنْصَارٍ "اے ہمارے رب! بیشک جسے تو دوزخ میں داخل کرے گا اسے تو نے ضرور رسوا کردیا اور ظالموں کا کوئی مددگار نہیں ہے۔” [37]
دعا کرنے والے: اولوالالباب (عقل والے)۔
38. رَبِّ أَعُوذُ بِكَ مِنْ هَمَزَاتِ الشَّيَاطِينِ، وَأَعُوذُ بِكَ رَبِّ أَنْ يَحْضُرُونِ "اے میرے رب! میں شیطانوں کے وسوسوں سے تیری پناہ مانگتا ہوں۔ اور اے میرے رب! میں تیری پناہ مانگتا ہوں اس سے کہ وہ شیطان میرے پاس آئیں۔” [38]
دعا کرنے والے: نبی کریم (ص) (اللہ تعالیٰ نے سکھائی)۔
39. رَبَّنَا اصْرِفْ عَنَّا عَذَابَ جَهَنَّمَ ۖ إِنَّ عَذَابَهَا كَانَ غَرَامًا "اے ہمارے رب! ہم سے جہنم کا عذاب پھیر دے، بیشک اس کا عذاب گلے کا پھندا ہے۔” [39]
دعا کرنے والے: عباد الرحمن (رحمٰن کے بندے)۔
ظالم قوم کے مقابلے میں مدد، حفاظت اور غلبے کے لیے
40. رَبَّنَا أَفْرِغْ عَلَيْنَا صَبْرًا وَثَبِّتْ أَقْدَامَنَا وَانْصُرْنَا عَلَى الْقَوْمِ الْكَافِرِينَ "اے ہمارے رب! ہم پر صبر انڈیل دے، ہمارے قدموں کو جمائے رکھ اور کافر قوم کے مقابلے میں ہماری مدد فرما۔” [40]
دعا کرنے والے: حضرت طالوت اور ان کے ساتھی (مجاہدین)۔
41. رَبَّنَا اغْفِرْ لَنَا ذُنُوبَنَا وَإِسْرَافَنَا فِي أَمْرِنَا وَثَبِّتْ أَقْدَامَنَا وَانْصُرْنَا عَلَى الْقَوْمِ الْكَافِرِينَ "اے ہمارے رب! ہمارے گناہوں کو اور ہمارے معاملے میں جو ہم سے زیادتیاں ہوئیں انہیں بخش دے اور ہمیں ثابت قدمی عطا فرما اور کافر قوم کے مقابلے میں ہماری مدد فرما۔” [41]
دعا کرنے والے: اللہ والے (ربانیین/ انبیاء کے ساتھی)۔
42. رَبَّنَا أَخْرِجْنَا مِنْ هَٰذِهِ الْقَرْيَةِ الظَّالِمِ أَهْلُهَا وَاجْعَلْ لَنَا مِنْ لَدُنْكَ وَلِيًّا وَاجْعَلْ لَنَا مِنْ لَدُنْكَ نَصِيرًا "اے ہمارے رب! ہمیں اس شہر سے نکال دے جس کے باشندے ظالم ہیں اور ہمارے لئے اپنے پاس سے کوئی حمایتی بنادے اور ہمارے لئے اپنی بارگاہ سے کوئی مددگار بنادے۔” [42]
دعا کرنے والے: مکہ کے کمزور اور مظلوم مسلمان (مرد، عورتیں اور بچے)۔
43. رَبَّنَا افْتَحْ بَيْنَنَا وَبَيْنَ قَوْمِنَا بِالْحَقِّ وَأَنْتَ خَيْرُ الْفَاتِحِينَ "اے ہمارے رب! ہم میں اور ہماری قوم میں حق کے ساتھ فیصلہ فرمادے اور تو سب سے بہتر فیصلہ فرمانے والا ہے۔” [43]
دعا کرنے والے: حضرت شعیب علیہ السلام۔
44. رَبِّ نَجِّنِي وَأَهْلِي مِمَّا يَعْمَلُونَ "اے میرے رب! مجھے اور میرے گھر والوں کو ان کے اعمال سے محفوظ رکھ۔” [44]
دعا کرنے والے: حضرت لوط علیہ السلام۔
45. رَبِّ انْصُرْنِي عَلَى الْقَوْمِ الْمُفْسِدِينَ "اے میرے رب! ان فسادی لوگوں کے مقابلے میں میری مدد فرما۔” [45]
دعا کرنے والے: حضرت لوط علیہ السلام۔
46. رَبَّنَا عَلَيْكَ تَوَكَّلْنَا وَإِلَيْكَ أَنَبْنَا وَإِلَيْكَ الْمَصِيرُ، رَبَّنَا لَا تَجْعَلْنَا فِتْنَةً لِلَّذِينَ كَفَرُوا وَاغْفِرْ لَنَا رَبَّنَا ۖ إِنَّكَ أَنْتَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ "اے ہمارے رب! ہم نے تجھی پر بھروسہ کیا اور تیری ہی طرف رجوع لائے اور تیری ہی طرف پلٹنا ہے۔ اے ہمارے رب! ہمیں کافروں کیلئے آزمائش نہ بنا اور ہمیں بخش دے، اے ہمارے رب! بیشک تو ہی بہت عزت والا، بڑا حکمت والا ہے۔” [46]
دعا کرنے والے: حضرت ابراہیم علیہ السلام اور ان کے ساتھی۔
47. رَبِّ ابْنِ لِي عِنْدَكَ بَيْتًا فِي الْجَنَّةِ وَنَجِّنِي مِنَ الْقَوْمِ الظَّالِمِينَ "اے میرے رب! میرے لیے اپنے پاس جنت میں ایک گھر بنا اور مجھے ظالم لوگوں سے نجات عطا فرما۔” [47]
دعا کرنے والے: حضرت آسیہ علیہا السلام (فرعون کی بیوی)۔
48. رَبِّ لَا تَذَرْ عَلَى الْأَرْضِ مِنَ الْكَافِرِينَ دَيَّارًا، إِنَّكَ إِنْ تَذَرْهُمْ يُضِلُّوا عِبَادَكَ وَلَا يَلِدُوا إِلَّا فَاجِرًا كَفَّارًا "اے میرے رب! زمین پر بسنے والے کافروں میں سے کسی کو باقی نہ چھوڑ، اگر تو نے انہیں چھوڑ دیا تو یہ تیرے بندوں کو گمراہ کریں گے اور ان کی اولاد بھی بدکار اور سخت کافر ہی ہوگی۔” [48]
دعا کرنے والے: حضرت نوح علیہ السلام۔
موت کے وقت ایمان کی سلامتی اور آخرت پر یقین کے لیے
49. رَبَّنَا إِنَّكَ جَامِعُ النَّاسِ لِيَوْمٍ لَا رَيْبَ فِيهِ ۚ إِنَّ اللَّهَ لَا يُخْلِفُ الْمِيعَادَ "اے ہمارے رب! بیشک تو سب لوگوں کو اس دن جمع کرنے والا ہے جس میں کوئی شبہ نہیں، بیشک اللہ وعدہ خلافی نہیں کرتا۔” [49]
دعا کرنے والے: راسخون فی العلم (علم میں پختہ لوگ)۔
50. رَبَّنَا إِنَّنَا سَمِعْنَا مُنَادِيًا يُنَادِي لِلْإِيمَانِ أَنْ آمِنُوا بِرَبِّكُمْ فَآمَنَّا رَبَّنَا فَاغْفِرْ لَنَا ذُنُوبَنَا وَكَفِّرْ عَنَّا سَيِّئَاتِنَا وَتَوَفَّنَا مَعَ الْأَبْرَارِ "اے ہمارے رب! بیشک ہم نے ایک ندا دینے والے کو ایمان کی ندا (یوں) دیتے ہوئے سنا کہ اپنے رب پر ایمان لاؤ تو ہم ایمان لے آئے پس اے ہمارے رب! تو ہمارے گناہ بخش دے اور ہم سے ہماری برائیاں مٹا دے اور ہمیں نیک لوگوں کے گروہ میں موت عطا فرما۔” [50]
دعا کرنے والے: اولوالالباب (عقل والے)۔
51. رَبِّ أَنْتَ وَلِيِّي فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ تَوَفَّنِي مُسْلِمًا وَأَلْحِقْنِي بِالصَّالِحِينَ "اے میرے رب! تو دنیا اور آخرت میں میرا مددگار ہے، مجھے اسلام کی حالت میں موت عطا فرما اور مجھے اپنے قرب کے لائق بندوں کے ساتھ شامل فرما۔” [51]
دعا کرنے والے: حضرت یوسف علیہ السلام۔
52. رَبَّنَا إِنَّكَ تَعْلَمُ مَا نُخْفِي وَمَا نُعْلِنُ وَمَا يَخْفَىٰ عَلَى اللَّهِ مِنْ شَيْءٍ فِي الْأَرْضِ وَلَا فِي السَّمَاءِ "اے ہمارے رب! تو جانتا ہے جو ہم چھپاتے ہیں اور جو ظاہر کرتے ہیں اور اللہ پر زمین اور آسمان میں کوئی بھی شے پوشیدہ نہیں۔” [52]
دعا کرنے والے: حضرت ابراہیم علیہ السلام۔
خاتمہ
یہ دعائیں انسانی زندگی کے ہر گوشے کا احاطہ کرتی ہیں چاہے وہ گناہوں پر ندامت کے آنسو ہوں، اولاد کی تربیت کی فکر ہو، رزق کی کشادگی کی طلب ہو، یا ظالم کے سامنے استقامت کی جستجو۔ جب ایک بندہ ان دعاؤں کے ذریعے اپنے رب کو پکارتا ہے، تو درحقیقت وہ اپنی لرزتی ہوئی آواز کو انبیاء کرام (علیہم السلام) اور صدیقین کی پاکیزہ آوازوں کے ساتھ ملا رہا ہوتا ہے۔ یہ وہ روحانی رابطہ ہے جو آسمان کے دروازے کھٹکھٹانے کا بہترین ذریعہ ہے۔ لہٰذا، صرف انہیں پڑھ لینا کافی نہیں، بلکہ ان کی روح کو سمجھتے ہوئے، عاجزی و انکساری کے ساتھ انہیں اپنے شب و روز کا حصہ بنانا ضروری ہے۔
حوالہ جات
[1] سورۂ البقرۃ: 127، 128۔
[2] سورۂ الأعراف: 23۔
[3] سورۂ البقرۃ: 286۔
[4] سورۂ آل عمران: 16۔
[5] سورۂ المؤمنون: 109۔
[6] سورۂ القصص: 16۔
[7] سورۂ غافر: 7۔
[8] سورۂ الحشر: 10۔
[9] سورۂ البقرۃ: 201۔
[10] سورۂ آل عمران: 194۔
[11] سورۂ آل عمران: 191۔
[12] سورۂ التحریم: 8۔
[13] سورۂ الشعراء: 83 تا 85۔
[14] سورۂ آل عمران: 38۔
[15] سورۂ ابراہیم: 40، 41۔
[16] سورۂ مریم: 4۔
[17] سورۂ الأنبیاء: 89۔
[18] سورۂ الفرقان: 74۔
[19] سورۂ غافر: 8۔
[20] سورۂ الأحقاف: 15۔
[21] سورۂ نوح: 28۔
[22] سورۂ المائدۃ: 114۔
[23] سورۂ المؤمنون: 29۔
[24] سورۂ القصص: 24۔
[25] سورۂ آل عمران: 8۔
[26] سورۂ آل عمران: 53۔
[27] سورۂ المائدۃ: 83۔
[28] سورۂ الإسراء: 80۔
[29] سورۂ الکہف: 10۔
[30] سورۂ طہ: 114۔
[31] سورۂ النمل: 19۔
[32] سورۂ ہود: 47۔
[33] سورۂ طہ: 25 تا 28۔
[34] سورۂ الأنبیاء: 83۔
[35] سورۂ الأنبیاء: 87۔
[36] سورۂ الدخان: 12۔
[37] سورۂ آل عمران: 192۔
[38] سورۂ المؤمنون: 97، 98۔
[39] سورۂ الفرقان: 65۔
[40] سورۂ البقرۃ: 250۔
[41] سورۂ آل عمران: 147۔
[42] سورۂ النساء: 75۔
[43] سورۂ الأعراف: 89۔
[44] سورۂ الشعراء: 169۔
[45] سورۂ العنکبوت: 30۔
[46] سورۂ الممتحنۃ: 4، 5۔
[47] سورۂ التحریم: 11۔
[48] سورۂ نوح: 26، 27۔
[49] سورۂ آل عمران: 9۔
[50] سورۂ آل عمران: 193۔
[51] سورۂ یوسف: 101۔
[52] سورۂ ابراہیم: 38۔
قرآنی الفاظ کے فونٹ کو زرا بڑا کیجئے ۔۔ جزاکم اللہ
آپ کا شکریہ! آپ کی درخواست کا خیال رکھا گیا ہے، اور ان شاء اللہ نئے ورژن میں قرآنی الفاظ کے فونٹ کو بڑا اور عربی قلم میں کر دیا جائے گا۔ جلد ہی یہ مسئلہ حل ہو جائے گا۔ جزاکم اللہ۔
بہترین دعاؤں کا شکریہ۔اور ایک درخواست ھے کہ دعاؤں کی ساتھ جن انبیاء کرام کی دعائیں ھیں انکے اسماء مبارک بھی ساتھ لکھئے اگر زحمت نہ ھو جزاک اللہ خیرا
الحمدلله رب العالمين ۔۔۔۔۔اچھی سوچ ھے اللہ قبول کرے۔