بچے کی تربیت براہِ راست والدین کی تقلید اور والدین کے کردار سے تشکیل پاتی ہے۔ بچہ وعظ یا نصیحت سے زیادہ اُن اعمال سے اثر لیتا ہے جو اس کے سامنے روزمرہ کی زندگی میں دہرائے جاتے ہیں، اور یہی والدین کی تقلید اس کی سوچ اور رویّوں کی بنیاد بن جاتی ہے۔ اسی والدین کی تقلید کے ذریعے وہ اپنے اندر اچھے یا برے رجحانات پروان چڑھاتا ہے اور انہی کندہ ہوئے نمونوں کو آئندہ زندگی میں اپنا معیار بنا لیتا ہے۔ چونکہ تقلید بچپن میں سب سے طاقتور محرک ہوتی ہے، اس لئے والدین کی تقلید والدین کے ہر قدم، ہر رویّے اور ہر عادت میں تربیت کا بیج بن کر شامل رہتی ہے، جو خاموشی سے بچے کے دل و دماغ میں جڑ پکڑتا ہے۔
تربیت کا آغاز زبان سے نہیں، کردار سے
بہت سے ماں باپ ایسے ہیں جو تربیت کےلئے وعظ و نصیت اور زبانی امر و نہی کافی سمجھتے ہیں۔ وہ یہ گمان کرتے ہیں کہ جب وہ بچے کو امر و نہی کر رہے ہوتے ہیں، اسے زبانی سمجھا بجھا رہے ہوتے ہیں تو گویا وہ تربیت میں مشغول ہیں اور باقی امورِ حیات میں وہ تربیت سے دست بردار ہوجاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایسے ماں باپ ننھے بچے کو تربیت کے قابل نہیں سمجھتے اور کہتے ہیں کہ ابھی بچہ ہے کچھ نہیں سمجھ سکے گا۔ جب بچہ رشد و تمیز کی عمر کو پہنچتا ہے تو وہ تربیت کا آغاز کرتے ہیں۔
جب وہ خوب و بد کو سمجھنے لگے تو اس کی تربیت شروع کرتے ہیں۔ جب کہ یہ نظریہ بالکل غلط ہے۔ بچہ اپنی پیدائش کے روز ہی سے تربیت کے قابل ہوتا ہے۔ وہ لحظہ لحظہ تربیت پاتا ہے اور ایک خاص مزاج میں ڈھلتا چلا جاتا ہے، ماں باپ متوجہ ہوں یا نہ ہوں۔ بچہ تربیت کےلئے اس امر کا انتظار نہیں کرتا کہ ماں باپ اسے کسی کام کا حکم دیں یا کسی چیز سے روکیں بچے کے اعصاب اور حساس و ظریف ذہن روز اول ہی سے ایک کیمرے کی طرح تمام چیزوں کی فلم بنانے لگتے ہیں اور اسی کے مطابق اس کی تعمیر ہوتی ہے اور وہ تربیت پاتا ہے۔
پانچ چھ سالہ بچہ تعمیر شدہ ہوتا ہے اور جو ایک خاص صورت اختیار کرچکا ہوتا ہے اور جو کچھ اسے بننا ہوتا ہے بن چکا ہوتا ہے۔ اچھائی یا برائی کا عادی ہو چکا ہوتا ہے لہذا بعد کی تربیت بہت مشکل اور کم اثر ہوتی ہے بچہ تو بالکل مقلد ہوتا ہے وہ اپنے ماں باپ اور ادھر ادھر رہنے والے دیگر لوگوں کے اعمال، رفتار اور اخلاق کو دیکھتا ہے اور اس کی تقلید کرتا ہے وہ ماں باپ کو احترام کی نظر سے دیکھتا ہے اور انہیں کے طرز حیات اور کاموں کو اچھائی اور برائی کا معیار قرار دیتا ہے اور پھر اسی کے مطابق عمل کرتا ہے۔
بچے کا وجود تو کسی سانچے میں نہیں ڈھلا ہوتا وہ ماں باپ کو ایک نمونہ سمجھ کر ان کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالتا ہے۔ وہ کردار کو دیکھتا ہے باتوں اور پند و نصیحت پر توجہ نہیں دیتا۔ اگر کردار گفتار سے ہم آہنگ نہ ہو تو وہ کردار کو ترجیح دیتا ہے۔
گھر کا ماحول اور والدین کی تقلید کا عملی نمونہ
بیٹی اپنی ماں کو دیکھتی ہے اور اس سے آداب زندگی، شوہر داری، خانہ داری اور بچوں کی پرورش کا سلیقہ سیکھتی ہے اور اپنے باپ کو دیکھ کے مردوں کو پہچانتی ہے۔ بیٹا اپنے باپ کے طرز زندگی سے درس حیات لیتا ہے، اس سے بیوی اور بچوں سے سلوک کرنا سیکھتا ہے اور اپنی ماں کے طرز عمل سے عورتو کو پہچانتا ہے اور اپنی آئندہ زندگی کےلئے اسی کو دیکھ کر منصوبے بناتا ہے۔
لہذا ذمہ دار اور آگاہ افراد کےلئے ضروری ہے کہ ابتدا میں ہی اپنی اصلاح کریں۔ اگر ان کے اعمال، کردار اور اخلاق عیب دار ہیں تو ان کی اصلاح کریں۔ اچھی صفات اپنائیں نیک اخلاق اختیار کریں اور پسندیدہ کردار ادار کریں۔ مختصر یہ کہ اپنے آپ کو ایک اچھے اور کامل انسان کی صورت میں ڈھالیں اس کے بعد نئے انسانوں کی تولید اور پرورش کی طرف قدم بڑھائیں۔
ماں باپ کو پہلے سوچنا چاہئے کہ وہ کس طرح کا بچہ معاشرے کے سپرد کرنا چاہتے ہیں اگر انہیں یہ پسند ہے کہ ان کا بچہ خوش اخلاق، مہربان، انسان دوست، خیر خواہ، دیندار، با ہدف شریف، آگاہ حریت پسند، شجاع، مفید، فعال، اور فرض شناس ہو تو خود انہیں بھی ایسا ہی ہونا چاہئے تاکہ وہ بچے کےلئے نمونہ عمل قرار پائیں۔
جس ماں کی خواہش ہو کہ اس کی بیٹی فرض شناس، خوش اخلاق، مہربان، سمجھدار، شوہر کی وفا دار، باتمیز، ہر طرح کے حالات میں گزر بسر کر لینے والی بنے تو ماں کو چاہئے کہ نظم و ضبط حیات حاصل کرے۔ اگر ماں بد اخلاق، بے ادب، سست، بے نظم، بے مہر، کثیف، دوسروں سے زیادہ توقع باندھنے والی اور بہانہ ساز ہو تو وہ صرف وعظ و نصیحت سے ایک اچھی بیٹی پروان نہیں چڑھا سکتی۔
ڈاکٹر جلالی لکھتے ہیں۔
بچوں کو احساسات اور جذبات کے اعتبار سے وہی لوگ صحیح تربیت دے سکتے ہیں کہ جنہوں نے اپنے بچپن میں اور باقی تمام عمر صحیح تربیت پائی ہو۔ جو ماں باپ آپس میں ناراض رہتے ہوں اور چھوٹی باتوں پر جھگڑتے ہوں، یا جن لوگوں نے کاروبار کے طور پر پرورش کا سلسلہ شروع کیا ہو اور انہیں تربیت دینے کا کوئی ذوق و شوق نہ ہو۔ اور جو بچوں کو نفرت کی نگاہ سے دیکھتے ہوں، خود حوصلے سے عاری ہوں اور غصیلی طبیعت رکھتے ہوں اور جنہیں خود اپنے آپ پر اعتماد نہ ہو وہ بچوں کے جذبات اور احساسات کو صحیح راستے پر نہیں ڈھال سکتے۔[1]
ڈاکٹر جلالی مزید لکھتے ہیں: بچے کی تربیت جس کے بھی ذمے ہو اسے چاہئے کہ کبھی کبھی اپنی صفات کا بھی جائزہ لے اور اپنی ذمہ داریوں کے بارے میں سوچے اور اپنی خامیوں کو دور کرے۔[2]
حضرت علی (ع) فرماتے ہیں:
مَنْ نَصَبَ نَفْسَهُ لِلنَّاسِ إِمَاماً فَعَلَيْهِ أَنْ يَبْدَأَ بِتَعْلِيمِ نَفْسِهِ قَبْلَ تَعْلِيمِ غَيْرِهِ، وَ لْيَكُنْ تَأْدِيبُهُ بِسِيرَتِهِ قَبْلَ تَأْدِيبِهِ بِلِسَانِهِ، وَ مُعَلِّمُ نَفْسِهِ وَ مُؤَدِّبُهَا أَحَقُّ بِالْإِجْلاَلِ مِنْ مُعَلِّمِ النَّاسِ وَ مُؤَدِّبِهِمْ.[3]
جو شخص دوسروں کا پیشوا بنے اسے چاہئے کہ پہلے وہ اپنے اصلاح کرے پھر دوسروں کی اصلاح کےلئے اٹھے اور دوسروں کو زبان سے ادب سکھانے سے پہلے اپنے کردار سے ادب سکھائے اور جو اپنے آپ کو تعلیم اور ادب سکھاتا ہے وہ اس شخص کی نسبت زیادہ عزّت کا حقدار ہے جو دوسروں کو ادب سکھاتا ہے۔
حضرت علی (ع) فرماتے ہیں: وَقِّرُوا كِبارَكُمْ يُوَقِّرْكُمْ صِغارُكُمْ۔[4]
تم اپنے بزرگوں کا احترام کرو تاکہ تمہارے بچے تمہارا احترام کریں۔
پیغمبر اکرم (ص) نے حضرت ابوذر سے فرمایا:
جب کوئی شخص خود صالح ہوجاتا ہے تو اللہ تعالی اس کے نیک ہو جانے کے وسیلے سے اس کی اولاد اور اس کی اولاد کی اولاد کو بھی نیک بنا دیتا ہے۔[5]
امیر المومنین (ع) فرماتے ہیں: إن سَمَت هِمَّتُكَ لإصلاحِ النّاسِ فابدأْ بنَفسِكَ، فإنّ تَعاطِيَكَ صَلاحَ غَيرِكَ و أنتَ فاسِدٌ أكبَرُ العَيبِ۔[6]
اگر تو دوسروں کی اصلاح کرنا چاہتا ہے تو اس سلسلے کا آغاز اپنی ذات کی اصلاح سے کر اور اگر تو دوسروں کی اصلاح کرنا چاہے اور اپنے آپ کو فاسد ہی رہنے دے تو یہ سب سے بڑا عیب ہوگا۔
حضرت علی (ع) فرماتے ہیں: ان الوعظ الذى لا يمجه سمع و لا يعدله نفع ما سكت عنه لسان القول و نطق به لسان الفعل۔[7]
جس نصیحت کےلئے زبانِ گفتار خاموش ہو اور زبانِ کردار گویا ہو کوئی کان اسے باہر نہیں نکال سکتا اور کوئی فائدہ اس کے برابر نہیں ہو سکتا۔
ایک خاتون اپنے ایک خط لکھتی ہے: میرے ماں باپ کے کردار نے مجھ پر بہت اثر کیا ہے انہوں نے ہمیشہ میرے ساتھ اور میرے بہن بھائیوں کے ساتھ مہربانی کی ہے۔ میں نے کبھی بھی ان کے کردار اور گفتار میں برائی نہیں دیکھی۔ خود ہماری بھی عادت ویسی ہی ہوگئی ہے۔ میں ان کا اچھا اخلاق اور کردار بھلا نہیں سکتی۔ اب جبکہ میں خود ماں بن گئی ہوں تو کوشش کرتی ہوں کہ کوئی برا کام خاص طور پر اپنے بچوں کے سامنے مجھ سے سر زد نہ ہو۔ میرے ماں اور باپ کا کردار میری زندگی میں میرے لئے نمونہ عمل بن گیا۔ میں کوشش کرتی ہوں کہ اپنے بچوں کی بھی اس طرح سے تربیت کروں۔
ایک اور خاتون اپنے خط میں لکھتی ہیں:
جب میں اپنی گزشتہ زندگی کے بارے میں سوچتی ہوں تو مجھے یاد آتا ہے۔ کہ میری ماں چھوٹی چھوٹی باتوں میں ایسے ہی چیختی چلاتی تھی۔ اب جبکہ میں خود ماں بن گئی ہوں تو میں دیکھتی ہوں کہ تھوڑی سی کمی کے ساتھ وہی میری حالت بھی ہے۔
اس کی ساری بد اخلاقیاں مجھ میں پیدا ہوگئی ہیں اور عجیب مسئلہ یہ ہے کہ میں جتنا بھی کوشش کرتی ہوں کہ اپنی اصلاح کروں نہیں کر پاتی ہوں۔ یقینی طور پر میرے لئے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ ماں باپ کا کردار اور اخلاق اولاد کی تربیت پر ضرور اثر انداز ہوتا ہے اور یہ جو کہا جاتا ہے کہ ماں اپنی تربیت کے ذریعے ایک دنیا کو بدل سکتی ہے بالکل درست بات ہے۔
تقلید کی قوت اور اس کا تربیتی اثر
تقلید کی سرشت انسانی فطرت میں موجود قوی ترین جبلتوں میں سے ہے یہ بھی ایک سودمند اور تعمیری سرشت ہے۔ اسی طبیعت کی بدولت بچہ بہت سی رسوم زندگی آداب معاشرت کھانا کھانا، لباس پہننا، طرز تکلم، اور الفاظ اور جملوں کی ادائیگی کا طریقہ ماں باپ اور دوسروں سے سیکھتا ہے انسان ایک مقلد ہے اور اپنی پوری زندگی میں دوسروں کی تھوڑی یا زیادہ تقلید کرتا ہے لیکن ایک سے پانچ، چھ سال کی عمر کے دوران اس میں یہ سرشت زیادہ نمایاں ہوتی ہے، بچہ ایک عرصے تک چیزوں کے حقیقی مصالح اور مفاسد سے ہرگز آگاہ نہیں ہوتا وہ اپنے کاموں کےلئے ایک عاقلانہ اور درست ہدف کا تعین نہیں کرسکتا اس مدت میں اس کی تمام تر توجہ ماں باپ اور ارد گرد کے دوسرے لوگوں کی طرف ہوتی ہے ان کے اعمال اور حرکات کو دیکھتا ہے اور ان کی تقلید کرتا ہے۔
لفظ پانی ماں باپ سے سنتا ہے والدین کی تقلید کرتے ہوئے وہی لفظ اپنی زبان سے ادا کرتا ہے۔ پھر اس کے معنی کی طرف توجہ کرتا ہے پھر اسے اس کے موقع پر استعمال کرتا ہے ایک بچی دیکھتی ہے کہ ماں صفائی کرتی ہے اور کپڑے دھوتی ہے وہ بھی بالکل ایسے ہی کام انجام دیتی ہے۔ دیکھتی ہے کہ ماں آگ میں ہاتھ نہیں ڈالتی وہ بھی اس سے بچتی ہے۔ وہ دیکھتی ہے کہ وہ پھلوں کو دھوتی ہے ان کے چھلکے اتارتی ہے اور پھر کھاتی ہے وہ بھی یہی عادت اپنا لیتی ہے۔ وہ دیکھتی ہے کہ امی ابو اور اس کے بہن بھائی گھر کے امور میں منظم ہیں اور ہر چیز کو اس کی مخصوص جگہ پر رکھتے ہیں وہ بھی اپنی زندگی میں اس نظم کے متعلق بہن بھائی اور والدین کی تقلید کرتی ہے۔
وہ دیکھتی ہے کہ اس کے ماں باپ ادب سے بات کرتے میں وہ بھی مؤدب ہوجاتی ہے وہ دیکھتی ہے کہ گھر کے چلانے میں ماں باپ اور بہن بھائی ایک دوسرے سے تعاون کرتے ہیں وہ بھی اس تعاون میں اپنا حصہ ادا کرتی ہے۔ جب وہ دیکھتی ہے کہ سڑک عبور کرتے ہوئے اس کے ماں باپ اس جگہ سے عبور کرتے ہیں جہاں لائنیں لگی ہوئی ہیں وہ بھی یہی کام انجام دیتی ہے اور رفتہ رفتہ اسے اس کی عادت پڑ جاتی ہے جب بیٹا دیکھتا ہے کہ اس کا باپ باغبانی کرتا ہے یا لکڑی کا کام کرتا ہے یا تعمیر کا کام کرتا ہے۔
وہ بھی شروع شروع میں وہی کام کھیل کی طرح انجام دیتا ہے اور یہی کھیل ممکن ہے اس کی زندگی کے آئندہ پیشے کے طور پر مؤثر ہو۔
بچے کی تعلیم و تربیت اور اسی کی تعمیر میں تقلید کا اثر وعظ و نصیحت سے زیادہ ہوتا ہے۔ تقلید خود بخود انجام پاتی ہے اور اس کےلئے کہنے کی ضرورت نہیں پڑتی کہ دیکھ امّی کیا کر رہی ہے بلکہ کہے بغیر ہی وہ امّی اور ابو کے کام کی طرف پوری توجہ دیتا ہے۔ ایک متکبر، بد اخلاق، بے ادب اور بد زبان باپ اپنے بچے کےلئے سرمشق قرار پائے گا۔ اور ایک ہٹ دھرم، گستاخ بے ادب اور بد زبان ماں اپنے ننھے بچے کو ایسی ہی بری صفات سے پر کردے گی۔ ایک جھوٹا، بزدل اور خیانت کار مربّی، ایک سچا، شجاع اور امانت دار بچہ پروان نہیں چڑھا سکتا۔
بچے آپ کی وعظ و نصیحت اور گفتگو پر کوئی توجہ نہیں کرتے وہ آپ کے اعمال اور کردار کی طرف پوری توجہ کرتے ہیں اور اسے کے مطابق عمل کرتے ہیں۔ لہذا تقلید کی سرشت کو اہم تربیتی عوامل میں سے شمار کیا جاسکتا ہے۔ اس مقام پر ماں باپ اور تمام تربیت کرنے والے ایک بہت ہی بھاری ذمہ داری کے حامل ہیں وہ اپنے کاموں کے بارے میں بے توجہ نہیں رہ سکتے وہ اپنے اچھے اعمال و اخلاق سے اپنے بچوں کےلئے بہترین نمونہ بن سکتے ہیں۔ اگر ماں باپ برے ہوں گے تو وہ وعظ و نصیحت سے بچوں کی نیکی اور بھلائی کی طرف ہدایت نہیں کرسکتے۔
لہذا جن ماں باپ کو اپنے بچوں سے محبت ہے انہیں چاہئے کوشش کریں کہ پہلے اپنے آپ کی اور گھر کے ماحول کی اصلاح کریں اور اپنے بچوں کےلئے بہترین نمونہ عمل بنیں۔ خود ایسا عمل کریں جیسا وہ چاہتے ہوں کہ ان کی اولاد عمل کرے۔ والدین کی تقلید سے روکنا بہت مشکل ہے آپ کوشش کریں کہ اپنی اولاد کےلئے بہترین نمونہ عمل بنیں۔ امیر المومنین (ع) فرماتے ہیں: اگر آپ دوسروں کی اصلاح کرنا چاہتے ہیں تو پہلے اپنی اصلاح کریں یہ بہت بڑی برائی ہے کہ آپ دوسروں کی اصلاح کےلئے اٹھ کھڑے ہوں اور خود فاسد رہیں۔[8]
پیغمبر اکرم ﷺ نے حضرت ابوذر سے فرمایا:
اللہ تعالی ماں باپ کی نیکی اور پرہیزگاری کی وجہ سے ان کی اولاد اور پھر ان کی اولاد کو صلاح اور نیک تر بنا دے گا۔[9]
ایک ذمہ دار مربی اپنے بچے کے دوستوں اور ہم جولیوں سے لاتعلق اور بے توجہ نہیں رہ سکتا کیونکہ بچہ بہت سارے کاموں میں اپنے دوستوں اور ہم جولیوں کی تقلید کرے گا۔ بعض اوقات بچہ سینما میں یا ٹی وی سکرین پر اداکاروں کو قتل، جرم، چوری، اور چاقوزنی کرتے ہوئے دیکھتا ہے تو اس کے اندر بھی اس سے تحریک پیدا ہوتی ہے اور وہ بھی ویسے ہی اعمال کرنے لگتا ہے۔
آپ مجلّوں اور اخباروں میں ان بچوں کے احوال پڑھتے ہوں گے کہ جو برے اعمال کرنے لگتا ہے۔ آپ نے مجلوں اور اخباروں میں ان بچوں کے اعمال بھی دیکھے ہوں گے جو سینما اور ٹی وی میں پولیس کے کام دیکھے یا قتل اور جرم کے مناظر دیکھے تو یہ کام ان میں تحریک پیدا کرنے کا عامل بن گئے۔ ایسی صورت میں کیا بچوں کو ایسی چیزیں دیکھنے کےلئے کھلا چھوڑا جاسکتا ہے؟
خاتمہ
بالآخر یہی حقیقت سامنے آتی ہے کہ بچہ اپنی ترجیحات، رجحانات اور اخلاقی بنیادیں والدین کی تقلید کے ذریعے انہی عملی نمونوں سے اخذ کرتا ہے جنہیں وہ ابتدا ہی سے دیکھتا ہے۔ والدین کے ہر عمل میں اس کےلئے گہرے معنی پوشیدہ ہوتے ہیں اور وہ والدین کی تقلید کرتے ہوئے اپنے مستقبل کا نقشہ تشکیل دیتا ہے۔ اگر کردار مضبوط ہو تو والدین کی تقلید تعمیر اور شخصیت سازی کا سبب بنتی ہے، اور اگر کردار کمزور ہو تو یہی تقلید بگاڑ کا ذریعہ بھی بن سکتی ہے۔ اسی لئے والدین کی ذمہ داری محض زبانی نصیحت نہیں بلکہ وہ عملی راستہ ہے جو بچے کے دل میں خاموشی سے راسخ ہو جاتا ہے۔
حوالہ جات
[1]۔ روان شناسی کودک، ص296۔
[2]۔ روان شناسی کودک، ص297۔
[3]۔ شریف رضی، نہج البلاغہ، کلمات قصار نمبر ۷۳۔
[4]۔ آمدی، غررالحکم، ص78۔
[5]۔ طبرسی، مکارم الاخلاق، ص546۔
[6]۔ آمدی، غررالحکم، ص278۔
[7]۔ آمدی، غررالحکم، ص232۔
[8]۔ آمدی، غررالحکام، ص278۔
[9]۔ الطبرسی، مکارم الاخلاق، ص546۔
کتابیات
۱۔ آمدی، عبدالواحد بن محمد، غرر الحکم و درر الکلم: مجموعة من کلمات و حکم الإمام علی علیه السلام، قم، دار الکتاب الإسلامي، ۱۴۱۰ق۔
۲۔ جلالی، مهدی، روان شناسی کودک، تہران، انتشارات دانشگاه تہران، ۱۳۶۰ش۔
۳۔ شریف رضی، محمد بن حسین، نهج البلاغة، تہران، مکتبة چهل ستون العامة و مدرستها، ۱۴۰۲ق۔
۴۔ طبرسی، حسن بن فضل، مکارم الأخلاق، قم، الشريف الرضي، ۱۳۷۰ش۔
مضمون کا مأخذ (تلخیص اور ترمیم کے ساتھ)
امینی، ابراهیم، آئین تربیت، ترجمہ: قیصر عبّاس و ثاقب نقوی، لاہور، مصباح الہدیٰ پبلیکیشنز۔ (نسخہ برقی توسط شبکہ الامامین الحسنین)۔