حجاج بن یوسف کے روبرو شجاع عورت کا جرأت مندانہ مناظرہ

حجاج بن یوسف کے روبرو شجاع عورت کا جرأت مندانہ مناظرہ

کپی کردن لینک

تاریخ اسلام کے صفحات میں حجاج بن یوسف کا نام ظلم، جبر اور سیاسی سفاکی کی علامت بن کر ابھرتا ہے۔ حجاج بن یوسف اموی اقتدار کا وہ نمائندہ تھا جس نے طاقت کے زور پر حق کی آواز دبانے کی کوشش کی، مگر حق ہمیشہ کسی نہ کسی صورت میں روشن ہو کر سامنے آتا ہے۔ اسی پس منظر میں حرہ جیسی باہمت خاتون کا حجاج بن یوسف کے دربار میں آنا اور حضرت علی (ع) کی فضیلت کو دلائلِ قرآنی سے ثابت کرنا ایک عظیم مثال ہے۔

حجاج بن یوسف اور حرہ کے درمیان مناظرے کا آغاز

عبدالملک (اموی سلسلہ کا پانچواں خلیفہ) کی طرف سے تاریخ کا بدترین مجرم حجاج بن یوسف ثقفی عراق کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ اس نے جناب کمیل، قنبر، سعید بن جبیر کو قتل کیا تھا کیونکہ وہ حضرت علی (ع) سے بہت بغض رکھتا تھا۔

اتفاق سے ایک دن ایک نہایت شجاع و دلیر عورت جسے حلیمہ سعدیہ کی بیٹی کہا جاتا تھا اور جس کا نام حرہ تھا حجاج بن یوسف کے دربار میں آئی یہ حضرت علی (ع) کی چاہنے والی تھی۔

حجاج بن یوسف اور حرہ کے درمیان ایک نہایت پُرمعنی اور زبردست مناظرہ ہوا جس کی تفصیل کچھ اس طرح ہے:

حجاج بن یوسف: حرہ! کیا تم حلیمہ سعدیہ کی بیٹی ہو؟

حرہ: یہ بے ایمان شخص کی ذہانت ہے (یہ اس بات کی طرف اشارہ تھا کہ میں حرہ ہوں مگر تونے بے ایمان ہوتے ہوئے مجھے پہچان کر اپنی ذہانت کا ثبوت دیا ہے)؟

حجاج بن یوسف: تجھے خدا نے یہاں لا کر میرے چنگل میں پھنسا دیا ہے میں نے سنا ہے کہ تو علی (ع) کو ابوبکر، عمر و عثمان سے افضل سمجھتی ہے؟

حرہ: تجھ سے اس سلسلے میں جھوٹ کہا گیا ہے کیونکہ ان تینوں کی کیا بات!! میں تو حضرت علی (ع) کو جناب آدم، جناب نوح، جناب ابراہیم، جناب موسیٰ، جناب عیسیٰ، جناب داؤد، جناب سلیمان (ع) سے بهی افضل سمجھتی ہوں۔

حجاج بن یوسف: تیرا برا ہو، تو علی (ع) کو تمام صحابہ سے برتر جانتی ہے اور اس کے ساتھ ہی انہیں آٹھ پیغمبروں سے جن میں سے بعض اولوالعزم بھی ہیں افضل و برتر جانتی ہے اگر تونے اپنے اس دعویٰ کو دلیل سے ثابت نہ کیا تو میں تیری گردن اڑا دوں گا۔

حرہ: یہ میں نہیں کہتی کہ میں علی (ع) کو ان پیغمبروں سے افضل و برتر جانتی ہوں بلکہ خداوند متعال نے خود انہیں ان تمام پر برتری عطا کی ہے قرآن مجید جناب آدم (ع) کے بارے میں فرماتا ہے:

وَعَصَىٰ آدَمُ رَبَّهُ فَغَوَىٰ۔[1]

اور آدم اپنے رب کی نافرمانی کے نتیجے میں اس کی جزا سے محروم ہو گئے۔

لیکن خداوند متعال، علی (ع)، ان کی زوجہ اور ان کے بیٹوں کے بارے میں فرماتا ہے۔

وَكَانَ سَعْيُكُمْ مَشْكُورًا۔[2]

اور تمہاری سعی و کوشش مشکور ہے۔

حجاج بن یوسف: شاباش لیکن یہ بتا کہ تونے حضرت علی (ع) کو نوح و لوط (ع) پر کس دلیل کے ذریعہ فضیلت دی۔

حرہ: خداوند متعال انہیں ان لوگوں سے افضل و برتر جانتا ہے جیسا کہ فرماتا ہے:

 ضَرَبَ اللَّهُ مَثَلًا لِلَّذِينَ كَفَرُوا امْرَأَتَ نُوحٍ وَامْرَأَتَ لُوطٍ ۖ كَانَتَا تَحْتَ عَبْدَيْنِ مِنْ عِبَادِنَا صَالِحَيْنِ فَخَانَتَاهُمَا فَلَمْ يُغْنِيَا عَنْهُمَا مِنَ اللَّهِ شَيْئًا وَقِيلَ ادْخُلَا النَّارَ مَعَ الدَّاخِلِينَ۔[3]

خدا نے کافر ہونے والے لوگوں کو نوح و لوط کی بیویوں کی مثالیں دی ہیں۔ یہ دونوں ہمارے صالح بندوں کے تحت تھیں مگر ان دونوں نے ان کے ساتھ خیانت کی لہٰذا ان کا ان دونوں سے تعلق انہیں کوئی فائدہ نہ پہنچا سکا اور ان سے کہا گیا کہ جہنم میں جانے والوں کے ساتھ تم بھی چلی جاؤ۔

لیکن علی (ع) کی زوجہ، پیغمبر ﷺ کی بیٹی جناب فاطمہ (س) ہیں جن کی خوشنودی خدا کی خوشنودی ہے اور جن کی ناراضگی خدا کی ناراضگی ہے۔

حجاج بن یوسف: شاباش حرہ! لیکن یہ بتا تو کس دلیل کی بنا پر ابو الانبیاء حضرت ابراہیم (ع) پر حضرت علی (ع) کو فضیلت دیتی ہے؟

حرہ: خداوند متعال قرآن مجید میں فرماتا ہے کہ جناب ابراہیم (ع) نے عرض کیا:

رَبِّ أَرِنِي كَيْفَ تُحْيِي الْمَوْتَىٰ قَالَ أَوَلَمْ تُؤْمِنْ قَالَ بَلَىٰ وَلَٰكِنْ لِيَطْمَئِنَّ قَلْبِي۔[4]

ابراہیم نے کہا: پالنے والے! تو مجھے یہ دکھا دے کہ تو کیسے مردوں کو زندہ کرتا ہے تو خدا نے کہا کیا تمہارا اس پر ایمان نہیں ہے تو انہوں نے کہا کیوں نہیں مگر میں اطمینان قلب چاہتا ہوں۔

لیکن میرے مولا علی (ع) اس حد تک یقین کے درجے پر فائز تھے کہ آپ نے فرمایا:

لَو كُشِفَ الغِطاءُ مَا ازْدَدْتُ یقیناً۔

اگر تمام پردے میرے سامنے سے ہٹا دیے جائیں تو بھی میرے یقین میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا۔

اور اس طرح نہ پہلے کسی نے کہا تھا اور نہ اب کوئی ایسا کہہ سکتا ہے۔

حجاج بن یوسف: شاباش لیکن تو کس دلیل سے حضرت علی (ع) کو جناب موسیٰ کلیم اللہ پر فضیلت دیتا ہے؟

حرہ: خداوند عالم قرآن میں ارشاد فرماتا ہے:

فَخَرَجَ مِنْهَا خَائِفًا يَتَرَقَّبُ۔[5]

وہ وہاں سے ڈرتے ہوئے (کسی بھی حادثے کی) توقع میں (مصر) سے باہر نکلے۔

لیکن حضرت علی (ع) کسی سے نہیں ڈرے، شب ہجرت رسول خدا ﷺ کے بستر پر آرام سے سوئے اور خدا نے ان کی شان میں یہ آیت نازل فرمائی:

وَمِنَ النَّاسِ مَنْ يَشْرِي نَفْسَهُ ابْتِغَاءَ مَرْضَاتِ اللَّهِ۔[6]

اور لوگوں میں سے کچھ ایسے ہیں جو اپنے نفس کو اللہ کی رضا کے لئے بیچ دیتے ہیں۔

حجاج بن یوسف: شاباش لیکن اب یہ بتا کہ داؤد (ع) پر علی (ع) کو کس دلیل سے فضیلت حاصل ہے؟

حرہ: خداوند متعال جناب داؤد (ع) کے سلسلہ میں فرماتا ہے:

يَا دَاوُودُ إِنَّا جَعَلْنَاكَ خَلِيفَةً فِي الْأَرْضِ فَاحْكُمْ بَيْنَ النَّاسِ بِالْحَقِّ وَلَا تَتَّبِعِ الْهَوَىٰ فَيُضِلَّكَ عَنْ سَبِيلِ اللَّهِ إِنَّ الَّذِينَ يَضِلُّونَ عَنْ سَبِيلِ اللَّهِ۔[7]

اے داؤد! ہم نے تمہیں زمین پر خلیفہ بنایا ہے لہٰذا تم لوگوں کے درمیان حق سے فیصلے کرو اور اپنی خواہشات کی پیروی نہ کرو کہ اس طرح تم راہ خدا سے بھٹک جاؤ گے۔

حجاج بن یوسف: جناب داؤد کی قضاوت کس سلسلے میں تھی؟

حرہ: دو آدمیوں کے بارے میں کہ ان میں سے ایک بھیڑوں کا مالک تھا اور دوسرا کسان، اس بھیڑ کے مالک کی بھیڑوں نے اس کے کھیت میں جا کر اس میں کھیتی چر لی، اور اس کی زراعت کو تباہ و برباد کر دیا، یہ دونوں آدمی فیصلے کے لئے حضرت داؤد (ع) کے پاس آئے اور اپنی شکایت سنائی، حضرت داؤد نے فرمایا: بھیڑ کے مالک کو اپنی تمام بھیڑوں کو بیچ کر اس کا پیسہ کسان کو دے دینا چاہئے تاکہ وہ ان پیسوں سے کھیتی کرے اور اس کا کھیت پہلے کی طرح ہو جائے لیکن جناب سلیمان نے اپنے والد سے کہا: آپ کو یہ فیصلہ کرنا چاہئے کہ بھیڑوں کا مالک کسان کو دودھ اور اون دے دے تاکہ اس کے ذریعہ اس کے نقصان کی تلافی ہو جائے۔

اس سلسلے میں خداوند عالم نے قرآن مجید میں ارشاد فرمایا ہے: فَفَهَّمْنَاهَا سُلَيْمَانَ۔[8]

ہم نے حکم (حقیقی) سلیمان کو سمجھا دیا۔

لیکن حضرت علی (ع) فرماتے ہیں:

سَلُونی قَبْلَ اَنْ تَفْقِدُونی۔

مجھ سے سوال کر لو قبل اس کے کہ تم مجھے کھو دو۔

جنگ خیبر کی فتح کے دن جب حضرت رسول خدا ﷺ کی خدمت میں تشریف لے آئے تو آنحضرت نے لوگوں کی طرف مخاطب ہو کر فرمایا:

أَفْضَلُكُمْ وَ أَعْلَمُكُمْ وَ أَقْضَاكُمْ عَلِيٌّ۔

تم میں سے افضل اور سب سے اچھا فیصلہ کرنے والے علی ہیں۔

حجاج بن یوسف: شاباش لیکن اب یہ بتاؤ کہ کس دلیل سے علی (ع) جناب سلیمان (ع) سے افضل ہیں؟

حرہ: قرآن میں جناب سلیمان کا یہ قول نقل ہوا ہے:

قَالَ رَبِّ اغْفِرْ لِي وَهَبْ لِي مُلْكًا لَا يَنْبَغِي لِأَحَدٍ مِنْ بَعْدِي۔[9]

پالنے والے! مجھے بخش دے اور مجھے ایسا ملک عطا کر دے جو میرے بعد کسی کے لئے شائستہ نہ ہو۔

لیکن میرے مولا علی (ع) نے دنیا کو تین طلاق دی ہیں جس کے بعد آیت نازل ہوئی:

تِلْكَ الدَّارُ الْآخِرَةُ نَجْعَلُهَا لِلَّذِينَ لَا يُرِيدُونَ عُلُوًّا فِي الْأَرْضِ وَلَا فَسَادًا وَالْعَاقِبَةُ لِلْمُتَّقِينَ۔[10]

وہ آخرت کا مقام ان لوگوں کے لئے ہم قرار دیتے ہیں جو زمین پر بلندی اور فساد کو دوست نہیں رکھتے اور عاقبت تو متقین کے لئے ہے۔

حجاج بن یوسف: شاباش اے حرہ اب یہ بتا کہ تو کیوں حضرت علی (ع) کو جناب عیسیٰ (ع) سے افضل و برتر جانتی ہے؟

حرہ: خداوند عالم قرآن مجید میں ارشاد فرماتا ہے:

وَإِذْ قَالَ اللَّهُ يَا عِيسَى ابْنَ مَرْيَمَ أَأَنْتَ قُلْتَ لِلنَّاسِ اتَّخِذُونِي وَأُمِّيَ إِلَٰهَيْنِ مِنْ دُونِ اللَّهِ قَالَ سُبْحَانَكَ مَا يَكُونُ لِي أَنْ أَقُولَ مَا لَيْسَ لِي بِحَقٍّ إِنْ كُنْتُ قُلْتُهُ فَقَدْ عَلِمْتَهُ تَعْلَمُ مَا فِي نَفْسِي وَلَا أَعْلَمُ مَا فِي نَفْسِكَ إِنَّكَ أَنْتَ عَلَّامُ الْغُيُوبِ مَا قُلْتُ لَهُمْ إِلَّا مَا أَمَرْتَنِي بِه۔[11]

اور جب (روز قیامت) خدا کہے گا: اے عیسیٰ بن مریم! کیا تم نے لوگوں سے کہا تھا کہ اللہ کو چھوڑ کر مجھے اور میری ماں کو خدا قرار دو، تو وہ کہیں گے تو پاک و پاکیزہ ہے میں کیسے ایسی بات کہہ سکتا ہوں جس کا مجھے حق نہیں اگر میں نے کہا ہوتا تو تو ضرور جان لیتا تو جانتا ہے میرے نفس میں کیا ہے لیکن میں نہیں جانتا کہ تیرے نفس میں کیا ہے تو عالم الغیب ہے میں نے ان سے صرف وہی کیا ہے جو تونے مجھے حکم دیا تھا۔

اسی طرح جناب عیسیٰ کی عبادت کرنے والوں کا فیصلہ قیامت کے دن کے لئے ٹال دیا گیا مگر نصیریوں نے حضرت علی (ع) کی عبادت شروع کر دی تو آپ نے انہیں فوراً قتل کر دیا اور ان کے عذاب و فیصلہ کو قیامت کے لئے نہیں چھوڑا۔

حجاج بن یوسف: اے حرہ! تو قابل تعریف ہے تو نے اپنے جواب میں نہایت اچھے دلائل پیش کئے اگر تو آج اپنے تمام دعووں میں سچی ثابت نہ ہوتی تو میں تیری گردن اڑا دیتا۔

اس کے بعد حجاج بن یوسف نے حرہ کو انعام دے کر باعزت رخصت کر دیا۔[12]

خاتمہ

اس مناظرے کا انجام ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ چاہے مقابل حجاج بن یوسف جیسا سخت گیر حکمران ہی کیوں نہ ہو، حق کی دلیل آخرکار اثر دکھا دیتی ہے۔ حرہ کی جرأت نے ثابت کیا کہ ایمان رکھنے والا کمزور نہیں ہوتا، بلکہ اس کی زبان حق کی ترجمان بن جاتی ہے۔ حجاج بن یوسف نے اپنی سختی کے باوجود اس حقیقت کو مانا کہ دلیل کے سامنے طاقت بے بس ہو جاتی ہے۔ یہ واقعہ حضرت علی (ع) کی علمی و روحانی عظمت کا روشن ثبوت ہے، جسے قرآن اور سنت کی روشنی میں پیش کیا گیا۔ یوں حجاج بن یوسف کے دربار میں ہونے والا یہ مکالمہ تاریخ کے لئے سبق بن گیا کہ ظلم کی فضا میں بھی حق کی روشنی بجھائی نہیں جا سکتی۔

حوالہ جات

[1] ۔ طہ: ۱۲۱۔

[2] ۔ انسان: ۲۲۔

[3] ۔ تحریم: ۱۰۔

[4] ۔ بقرہ: ۲۶۰۔

[5] ۔ قصص: ۲۱۔

[6] ۔ بقرہ: ۲۰۷۔

[7] ۔ ص: ۲۶۔

[8] ۔ الأنبياء: ۷۹۔

[9] ۔ ص: ۳۵۔

[10] ۔ قصص: ۸۳۔

[11] ۔ مائدہ: ۱۱۶-۱۱۷۔

[12] ۔ شاذان قمی، الفضائل، ص۱۲۲؛ مجلسی، بحارالانوار، ج۴، ص۱۳۴-۱۳۶۔

کتابیات

۱۔ قرآن مجید۔

۲۔ شاذان قمی، شاذان بن جبریل، الفضائل، قم، آستانه مقدسه حضرت فاطمه معصومه سلام الله عليها. انتشارات زائر، 1381ش۔

۳۔ مجلسی، محمدباقر بن محمدتقی، بحارالانوار: الجامعة لدرر اخبار الائمه الاطهار، تبریز، مطبعه حاجي ابراهيم تبريزي، 1259ش۔

مضمون کا مأخذ (تلخیص اور ترمیم کے ساتھ)

محمدی اشتہاردی، محمد، ایک سو ایک دلچسپ مناظرے، مترجم: اقبال حیدر حیدری، قم، مؤسسہ امام علی (ع)۔ (نسخہ برقی توسط شبکہ الامامین الحسنین)۔

کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

تبصرہ لکھیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری فیلڈز کو * سے نشان زد کیا گیا ہے۔